سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے یومِ استحصال منایا گیا

ڈائریکٹر سپورٹس حفیظ بھٹی کی زیرقیادت نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں واک کی گئی، شرکاء نے سیاہ پٹیاں باندھیں، پاکستان اور آزاد کشمیر کے پرچم لہرائے گئے مودی حکومت کے مقبوضہ جموں و کشمیر سے متعلق 5 اگست 2019ء کے غیرقانونی اقدام کو مسترد کرتے ہیں‘ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب

جمعہ 6 اگست 2021 00:03

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اگست2021ء) سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے جمعرات کے روز یومِ استحصال منایا گیا، ڈائریکٹر سپورٹس حفیظ بھٹی کی زیرقیادت نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں واک کی گئی،واک کے شرکاء نے سیاہ پٹیاں باندھیں، پاکستان اور آزاد کشمیر کے پرچم لہرائے گئے،شرکاء نے ’’لیکر رہیں گے آزادی‘‘، ’’بھارت کا جموں و کشمیر پر غیرقانونی قبضہ نامنظور‘‘ کے نعرے لگائے، مودی حکومت کے 5 اگست 2019ء کے غیرقانونی اقدام کی شدید الفاظ میںمذمت کی،کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی اورکشمیر کی آزادی کیلئے خصوصی دعا مانگی گئی، اپنے بیان میں ڈائریکٹرجنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے کہا ہے کہ مودی حکومت کے مقبوضہ جموں و کشمیر سے متعلق 5 اگست 2019ء کے غیرقانونی اقدام کو مسترد کرتے ہیں، پاکستان کے عوام غیرقانونی اقدام کے دو سال مکمل ہونے پر کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کررہے ہیں،انہوں نے مزید کہا کہ کشمیری عوام کی قربانیاں رنگ لائیں گی اور ان کو حق خودارادیت ملے گا، ڈائریکٹر سپورٹس محمد حفیظ بھٹی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کی آزادی تک پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑا رہے گا،بھارت کے کشمیری عوام پر ظلم و ستم کی شدید مذمت کرتے ہیں اور عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ کشمیری عوام کو ان کا حق دیا جائے، واک میں ڈائریکٹر سپورٹس حفیظ بھٹی،ڈپٹی ڈائریکٹر چاند پروین،اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایڈمن رحمت اللہ، محمد بلال، اسسٹنٹ ڈائریکٹرز ظہور احمد، ناصرملک،طارق وٹو ، سپورٹس بورڈ پنجاب اور ڈائریکٹوریٹ آف سپورٹس کے تمام ملازمین نے شرکت کی۔

وقت اشاعت : 06/08/2021 - 00:03:55

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :