بارسلونا کے ساتھ رہنے کے لیے تنخواہ میں 50 فیصد کٹوتی کی پیشکش بھی کی تھی: لیونل میسی

سٹار فٹبالر بارسلونا کو الوداع کہنے پر جذباتی ہو کر رو پڑے ،پریس کانفرنس میں شریک افراد نے سٹرائیکر کو کھڑے ہوکر داد پیش کی اور ہال تالیوں سے گونج اُٹھا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 9 اگست 2021 10:53

بارسلونا کے ساتھ رہنے کے لیے تنخواہ میں 50 فیصد کٹوتی کی پیشکش بھی کی تھی: لیونل میسی
ارجنٹائن (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 09 اگست 2021ء) : ارجنٹائن کے اسٹار فٹبالر لیونل میسی بارسلونا کو الوداع کہنے پر جذباتی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق فٹبال اسٹار لیونل میسی الوداعی پریس کانفرنس میں بارسلونا کو الوداع کہنے کے موقع پر رو پڑے۔ انہوں نے نم آنکھوں کے ساتھ پریس کانفرنس کا آغاز کیا تاہم وہ آدھے گھنٹے تک سٹیج پر موجود رہے اور صحافیوں کے سوالوں کے جواب دیتے رہے۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے لیونل میسی نے کہا کہ سچ یہ ہے کہ ہم چھوڑ رہے ہیں۔ میں نے کبھی الوداع کہنے کے بارے میں نہیں سوچا تھا۔ اُن کا کہنا تھا کہ گزشتہ برس میں چھوڑنا چاہتا تھا لیکن اس سال تو میں رکنا چاہتا تھا۔ لیونل میسی نے پریس کانفرنس کے دوران اشک بار آنکھوں سے بارسلونا کلب چھوڑنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ کئی دنوں سے بہت سے خیالات ذہن میں آرہے تھے کہ کلب چھوڑنے کے بارے میں کیا کہنا چاہئیے تاہم سچ یہ ہے کہ میرے پاس بولنے کے لیے کچھ نہیں ہے۔

(جاری ہے)

اسٹار فٹبالرمیسی نے کہا کہ اتنے سالوں کے بعد یہ فیصلہ میرے لیے انتہائی مشکل ہے، میری ساری زندگی بارسلونا کلب کے ساتھ گزری، ایمانداری سے کہہ رہا ہوں کہ میں اس فیصلہ کے لیے تیار نہیں تھا تاہم اب مجھے خدا حافظ کہنا پڑرہا ہے، بارسلونا میرا گھر تھا اور ہمیشہ رہے گا۔ بارسلونا کلب میں رہنے کی خواہش کا اعادہ کرتے ہوئے میسی نے انکشاف کیا کہ انہوں نے 50 فیصد تنخواہ میں کمی کی پیشکش کی تھی لیکن معاہدہ ٹوٹ گیا۔

انہوں نے کہا کہ میں نے اپنی تنخواہ میں 50 فیصد کمی کی پیشکش کی اور انہوں نے مجھ سے کچھ اور نہیں مانگا،جو خبریں آرہی ہیں کہ میں نے 30 فیصد زیادہ مانگی تھیں وہ جھوٹی ہیں، ہم نے ہر ممکن کوشش کی اور یہ ممکن نہیں تھا، بہت سی چیزیں جو لوگ کہہ رہے ہیں وہ سچ نہیں ہیں اور جیسا کہ میں نے کہا کہ میں نے سب کچھ کیا جو میں کر سکتا تھا۔ 
میسی سے سوال کیا گیا کہ وہ اب کیوں چھوڑ رہے ہیں تو انہوں نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ وہ (ایف سی بارسلونا) لالیگا کی وجہ سے ایسا نہیں کر سکتے۔

ہم نے ہر ممکن کوشش کی کیونکہ ہم تو رکنا چاہتے تھے۔ پریس کانفرنس میں شریک افراد نے اسٹار فٹبالر کو کھڑے ہو کر داد پیش کی اور ہال تالیوں سے گونج اٹھا۔ کچھ روز قبل فٹبال اسٹار لائنل میسی نے مشہور ہسپانوی فٹبال کلب بارسلونا کو 21 سال بعد خیر باد کہنے کا اعلان کیا تھا۔ دوسری جانب میسی کا بارسلونا کو خیرباد کہنے کے بعد قطری ملکیت کے فرانسیسی فٹبال کلب پیرس سینٹ جرمین (پی ایس جی) میں شمولیت کا امکان ہے۔

رپورٹس کے مطابق اسٹار فٹبالر نے بھی پی ایس جی کلب میں شمولیت کا اشارہ دیا۔ رپورٹس میں بتایا گیا کہ کلب کی جانب سے میسی کو سالانہ 25 ملین پاؤنڈز رقم کی پیشکش کی گئی تاہم کلب میں شمولیت کے حوالے سے حتمی معاہدہ جلد ہونے کا امکان ہے۔ خیال رہے کہ کچھ روز قبل ارجنٹائن کے فٹبال اسٹار لائنل میسی نے مشہور ہسپانوی فٹبال کلب بارسلونا کو 21 سال بعد خیر باد کہہ دیا تھا۔

بارسلونا فٹبال کلب کی جانب سے جاری بیان کے مطابق میسی اور کلب دونوں ہی اس بات پر تیار تھے کہ میسی کلب کے لیے کھیل جاری رکھیں مگر ہسپانوی فٹبال لیگ کے قواعد میسی سے ہونے والے نئے معاہدے کے خدوخال کے آڑے آ گئے۔ یاد رہے کہ لیونل میسی نے بارسلونا کلب 16 اکتوبر 2004ء میں جوائن کیا تھا۔ میسی نے بارسلونا کی طرف سے 778 میچوں میں حصہ لیا اور کل 672 گول کیے۔
وقت اشاعت : 09/08/2021 - 10:53:47

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :