وہاب ریاض صرف ایک میچ کے بعد ’دی 100‘ ٹورنامنٹ سے باہر

ایم آر آئی سکین کے بعد انکشاف ہوا کہ فاسٹ بائولر کمر کی تکلیف کے بعد 5 سے10 دن تک نہیں کھیل سکتے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 10 اگست 2021 17:24

وہاب ریاض صرف ایک میچ کے بعد ’دی 100‘ ٹورنامنٹ سے باہر
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 10 اگست 2021ء ) بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر وہاب ریاض کمر کی انجری کے باعث ’دی 100‘ سے باہر ہوگئے ہیں۔ وہاب ریاض جنہیں ٹرینٹ راکٹس نے متبادل ڈرافٹ میں اٹھایا تھا ، ایونٹ سے باہر ہونے سے پہلے صرف ایک میچ کھیل سکے۔ وہاب ریاض نے مقابلے میں شاندار ڈیبیو کیا کیونکہ انہوں نے 20 گیندوں میں 30 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں اور ٹرینٹ راکٹس کو ٹورنامنٹ میں اپنا چوتھا میچ جیتنے میں مدد دی۔

وہاب ریاض ٹورنامنٹ میں چار یا اس سے زیادہ وکٹیں لینے والے صرف چوتھے بائولر بن گئے۔ ابتدائی طور پر وہاب ریاض کو ٹرینٹ راکٹس اور اوول انوینسیبلز کے درمیان کل رات کے میچ سے باہر کردیا گیا تھا لیکن ایم آر آئی سکین کے بعد یہ انکشاف ہوا کہ ریاض کمر کی تکلیف کے بعد 5 سے10 دن تک نہیں کھیل سکتے جس کے بعد وہ ٹورنامنٹ سے ہی باہر ہوگئے ہیں ۔

(جاری ہے)

اس سے قبل 36 سالہ وہاب ریاض ویزا کے مسائل کی وجہ سے مقابلے میں حصہ لینے سے قاصر رہے تھے۔

انہیں ہیتھرو ایئر پورٹ سے ویزا کی وجہ سے واپس پاکستان بھیج دیا گیا تھا۔ وہاب نے اس مسئلے کو حل کرنے کے بعد گزشتہ ہفتے واپس برطانیہ کا سفر کیا۔ وہاب ریاض ساتھی فاسٹ بولر محمد عامر کے ساتھ دی 100 کے افتتاحی ایڈیشن میں حصہ لینے والے 2 پاکستانی کھلاڑیوں میں سے ایک تھے۔
وقت اشاعت : 10/08/2021 - 17:24:57

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :