لیونل میسی کا پیرس سینٹ جرمین فٹ بال کلب کے ساتھ معاہدہ

سٹار فٹبالر پیرس روانہ ، پی ایس جی کی شرٹ پہن رکھی تھی، معاہدہ 2 سال کا ہے ،ایک سیزن کیلئے لگ بھگ 5 ارب روپے ملیں گے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 11 اگست 2021 11:34

لیونل میسی کا پیرس سینٹ جرمین فٹ بال کلب کے ساتھ معاہدہ
پیرس (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 11 اگست 2021ء ) ارجنٹائن کے فٹ بال سٹار لیونل میسی نے فرانسیسی کلب پیرس سینٹ جرمین (پی ایس جی) میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔ اطلاعات ہیں کہ پی ایس جی نے بدھ کے روز پریس کانفرنس بلائی ہے اور میسی کی موجودگی میں ممکنہ طورپر معاہدے کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔ 34 سالہ لیونل میسی منگل کی سہ پہر بارسلونا سے پیرس روانہ ہوئے اور انہوں نے پی ایس جی کی شرٹ بھی پہن رکھی تھی۔

پی ایس جی کے ساتھ میسی کا معاہدہ 2 سال کا ہے اور تیسرے سال کیلئے دوبارہ مشاورت کی جائے گی۔ میسی کو ایک سیزن کے لیے لگ بھگ 5 ارب روپے ملیں گے۔
اگرچہ ایف سی بارسلونا اور لیونل میسی کے درمیان ایک معاہدہ طے پا گیا تھا لیکن اسے معاشی اور ساختی رکاوٹوں کی وجہ سے حتمی شکل نہیں دی جا سکی تھی۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ میسی نے گزشتہ مشہور ہسپانوی فٹبال کلب بارسلونا کو 21 سال بعد چھوڑ دیا تھا۔

میسی بارسلونا کلب کو چھوڑنے کی الوداعی پریس کانفرنس میں آبدیدہ ہوگئے تھے۔ انہوں نے بارسلونا کلب 16 اکتوبر 2004ء میں جوائن کیا تھا۔ میسی نے بارسلونا کی طرف سے 17 سال میں 778 میچوں میں حصہ لیا اور 672 گول کیے۔ بارسلونا فٹبال کلب کی جانب سے جاری بیان کے مطابق میسی اور کلب دونوں ہی اس بات پر تیار تھے کہ میسی کلب کے لیے کھیل جاری رکھیں مگر ہسپانوی فٹبال لیگ کے قواعد میسی سے ہونے والے نئے معاہدے کے خدوخال کے آڑے آگئے۔
وقت اشاعت : 11/08/2021 - 11:34:39

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :