دہشت گردی اور سکیورٹی خدشات کے پیش نظر ملک احتجاج کی سیاست کا متحمل نہیں ہو سکتا‘ راجہ اشفاق سرور

ہفتہ 26 جولائی 2014 16:15

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26جولائی۔2014ء) پاکستان مسلم لیگ (ن)پنجاب کے جنرل سیکرٹری ، وزیر محنت راجہ اشفاق سرور نے کہا ہے کہ ملک نازک دور سے گزررہا ہے، دہشت گردی اور سکیورٹی خدشات کے پیش نظر ملک احتجاج کی سیاست کا متحمل نہیں ہو سکتا، پاکستان کی بقا اور سلامتی کے لئے اتحاد اور یکجہتی کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے یہ بات ہفتہ کے روز ایوان وزیراعلی میں ایک پریس کانفرنس کے دوران مسلم لیگ(ن) پنجاب کے زیر اہتمام یکم اگست تا30 اگست تک جشن آزادی کی تقریبات ”ماہ آزادی“ کے طور پر منانے کے لئے پروگرامز کی تفصیلات سے میڈیا کے نمائندوں کو آگاہ کرتے ہوئے کہی۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ کے صدر میاں غلام حسین شاہد،پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات رانا محمد ارشد،اعجاز حفیظ اور دیگرمسلم لیگی عہدیداران ان کے ہمراہ تھے۔

(جاری ہے)

راجہ اشفاق سرورنے میڈیا کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان انہی اداروں پرالزام تراشی کررہے ہیں جن پر انہوں نے انتخابات سے قبل بھرپوراعتماد کا اظہار کیا تھا۔

راجہ اشفاق سرور نے کہا کہ تحریک انصاف جس نظام کی وجہ سے ایوان میں پہنچی ہے آج اسی کو تنقید کا نشانہ بنا رہی ہے۔عمران خان کے آزادی مارچ کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں راجہ اشفاق سرور نے کہا کہ ملک کو دہشت گردی کی صورتحال کا سامنا ہے۔ لوگوں کی جان ومال کی حفاظت حکومت کی اولین ذمہ داری ہے جسے وہ بہر صورت پورا کرے گی۔”ماہ آزادی “ کی تقریبات کی تفصیلات سے میڈیا کے نمائندوں کو آگاہ کرتے ہوئے راجہ اشفاق سرور نے بتایا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) وزیراعظم پاکستان محمد نواز شریف اور وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی قیادت میں جشن آزادی یکم اگست تا 30 اگست تک شایان شان طریقے سے منائے گی۔

ماہ آزادی کے عنوان سے منائی جانے والی ان تقریبات کا آغاز یکم اگست کو صوبہ بھر میں گھروں،گلیوں ،بازاروں اور پبلک مقامات پر قومی پرچم لہرانے سے ہو گا۔پرچم کشائی کی یہ مہم یکم اگست تا 5 اگست تک جاری رہے گی۔ انہوں نے بتایا کہ مسلم لیگ (ن)ڈویژنل وضلعی سطحوں پر پارٹی ورکرز،ضلعی صدور اور عہدیداران کے ساتھ5 اگست تا 7 اگست تک ”رابطہ مہم“ کے تحت راولپنڈی،سرگودھا،فیصل آبادی،ڈیرہ غازی خان، بہاولپور،ملتان، ساہیوال، گوجرانوالہ اور شیخوپورہ میں مشاورتی اجلاس منعقد کرے گی جس میں وہ خودشریک ہوں گے اور ورکرز کے مسائل سے آگاہی، ان کے حل اور اعتماد کی بحالی کے علاوہ ضلعی قیادت اور انتظامیہ کے درمیان رابطوں کو مضبوط بنانے کے لئے تجاویز حاصل کریں گے۔

8 اگست کو لاہور میں مزدور ریلی،9 اگست کو مسلم لیگ لائرز ونگ جبکہ 10 اگست کو مسلم لیگ ٹریڈرز ونگ کے زیر اہتمام تقاریب منعقد ہوں گی۔11 اگست کو اقلیتی برادری”میں بھی پاکستان ہوں“ کے عنوان سے اظہاریکجہتی کا دن منائے گی۔12 اگست کو خواتین ڈے،13 اگست کو شہدا تحریک پاکستان کو خرج عقیدت پیش کرنے کا دن منایا جائے گا۔14 اگست پر ہر سال کی طر ح اس سال بھی شایان شان طریقسے سے روایتی رنگا رنگ تقاریب صوبہ بھر میں منعقد ہوں گی۔

15 اگست کو مساجد،گرجا گھروں،مندروں اور گوردواروں میں ”یوم دعا“کے موقع پر ملکی سلامتی کے لئے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی۔ 16 اور 17 اگست کو ڈویژن،ضلعی اور تحصیل ہیڈکوارٹرز پر سپورٹس اورکھیلوں کی سرگرمیاں جن میں کبڈی ،ہاکی،فٹ بال اور کرکٹ شامل ہیں کے مقابلے منعقد ہوں گے۔18 اگست کو مسلم سٹوڈنٹس فیڈریشن ڈے میں طلبا وطالبات کی کثیر تعدادشرکت کرے گی جبکہ 19 اگست کو استحکام پاکستان ڈے کے موقع پر موجودہ حالات میں پاکستان کی سلامتی اور بقا کی اہمیت کو اجاگر کیا جائے گا۔

21 اگست کو مسلم لیگ (ن) لیبر ونگ کے زیر اہتمام جشن آزادی کی مرکزی تقریب الحمرا ہال میں منعقد ہو گی۔23 اگست کو یوتھ ونگ کے زیر اہتمام جذبہ حب الوطنی بیدار کرنے کے لئے سیمینارز منعد ہوں گے۔24 تا29 اگست تک تمام ڈویژن اور ضلعی سطح پر مسلم لیگ (ن) کے تمام ونگز،تاجر،کسان،مزدور،طلبا وطالبات علاقائی سطح پر جدوجہد آزادی کے پیغام کو اس کی اصل روح کے مطابق اجاگر کرنے کیلئے تقریبات میں شرکت کرینگے۔”ماہ آزادی“ کی اختتامی تقریب30 اگست کو الحمرا میں منعقد ہو گی جس میں آزادی کی تقریبات شاندار اور نمایاں طریقے سے منانے میں اعلی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اضلاع کوپارٹی کی اعلی قیادت کی جانب سے بھرپور انداز میں سراہا جائے گا۔

وقت اشاعت : 26/07/2014 - 16:15:21

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :