عمران بٹ نے ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کا 101 سالہ ریکارڈ توڑ ڈالا

گزشتہ 101 سال کے دوران ٹیسٹ کرکٹ میں اپنے پہلے 5 میچز میں 15 کیچز پکڑنے والے فیلڈر بن گئے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 16 اگست 2021 12:31

عمران بٹ نے ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کا 101 سالہ ریکارڈ توڑ ڈالا
جمیکا (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 16 اگست 2021ء ) قومی ٹیم کے اوپنر عمران بٹ نے 100 سالہ ریکارڈ توڑ ڈالا ۔ عمران بٹ نے ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے دوسری اننگز میں میزبان ٹیم کے بلے باز جیمریمن بلیک ووڈ کا شاندار کیچ پکڑا جس کے بعد وہ گزشتہ 101 سال کے دوران ٹیسٹ کرکٹ میں اپنے پہلے 5 میچز میں 15 کیچز پکڑنے والے فیلڈر بن گئے ہیں ۔
عمران بٹ سے قبل آسٹریلیا کے جیک گریگوری نے 1920ء میں اپنے ٹیسٹ ڈیبیو کے بعد پہلے 5 ٹیسٹ میچز میں 15 کیچز تھامے تھے۔

یاد رہے کہ ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو پہلے ٹیسٹ میچ میں ایک وکٹ سے شکست دے دی۔ جمیکا میں ویسٹ انڈیز اور پاکستان کے درمیان کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں ویسٹ انڈیز نے 168 رنز کا ہدف 9 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

(جاری ہے)

پاکستانی ٹیم دوسری اننگ میں 203 رنز بناکر پویلین لوٹ گئی تھی۔ چوتھے دن پاکستان کے پانچ کھلاڑی صرف 43 رنز کا اضافہ کرسکے۔ میچ میں جیرمین بلیک ووڈ نے 55 رنزکی اننگز کھیلی جب کہ روسٹن چیز 22 رن، جیسن ہولڈر 16 رن اور جوشنوا ڈی سلوا 13 رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔

نکروم بونز 5، کیرن پاؤل 4 اور کپتان کریگ براتھویٹ 2 رنز بناسکے۔ پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ حسن علی 3 اور فہیم اشرف نے 2 وکٹ حاصل کیں۔ قبل ازیں دوسری اننگز میں بابر اعظم 55، عابد علی 34 رنز بنا کر نمایاں رہے جب کہ شاہین آفریدی بغیر کوئی رن بنائے آوٹ ہوگئے۔ پاکستان کی ساتویں وکٹ 170 رنز جب کہ نویں وکٹ 192 رنز پر گر گئی۔

ویسٹ انڈیز کی طرف سے جے ڈن سیلز نے پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ کنگسٹن ٹیسٹ کے تیسرے روز کھیل کے اختتام تک پاکستان نے دوسری اننگز میں ویسٹ انڈیز پر 124 رنز کی برتری حاصل کی۔ ویسٹ انڈیز نے اپنی پہلی اننگز 251 رنز 8 وکٹوں کے نقصان پر دوبارہ شروع کی لیکن اس کی دونوں وکٹیں صرف 2 رنز کے اضافے کے ساتھ ہی گر گئیں، اس طرح ویسٹ انڈیز کی پہلی اننگز کا اختتام 253 رنز پر ہوا۔

پاکستان نے اپنی دوسری اننگز کا آغاز 36 رنز کے خسارے کے ساتھ کیا۔ قومی ٹیم کا اوپننگ پیئر دوسری اننگز میں بھی ناکام ہوا، عمران بٹ اور عابد علی دونوں ایک بار پھر کوئی قابل ذکر کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے، عمران بٹ بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔ ون ڈاؤن پوزیشن پر آنے والے اظہر علی نے عابد علی کے ساتھ مل کر 55 رنز کی شراکت قائم کی، 56 رنز کے مجموعی اسکور پر اظہر علی آؤٹ ہوئے، انہوں نے 23 رنز بنائے، ان کے بعد فواد عالم میدان میں اترے لیکن وہ بھی اپنا کھاتہ کھولے بغیر واپس لوٹ گئے، تھوڑی دیر بعد عابد علی کی مزاحمت بھی ختم ہوگئی وہ 34 رنز پر میدان بدر ہوئے۔

65 رنز کے مجموعی اسکور پر پاکستان کی 4 وکٹیں گر چکی تھیں ، ایسے موقع پر کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان نے قومی ٹیم کو سہارا دیا۔ دونوں نے 56 رنز کی شراکت قائم کی۔ محمد رضوان کی صورت میں پاکستان کو پانچواں نقصان برداشت کرنا پڑا۔ رضوان کے آؤٹ ہونے کے بعد فہیم اشرف میدان میں اترے اور دونوں نے مل کر ٹیم کے اسکور کو آگے بڑھانے کا بیڑا اٹھایا، کھیل کے اختتام تک پاکستان نے 5 وکٹوں پر 160 رنز بنائے تھے اور اسے میزبان ویسٹ انڈیز پر 124 رنز کی برتری حاصل تھی۔ بابر اعظم 54 جب کہ فہیم اشرف 12 رنز پر بیٹنگ کر رہے تھے۔
وقت اشاعت : 16/08/2021 - 12:31:05

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :