بابراعظم کو بائولنگ کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا: متیاہ مرلی دھرن کا اعتراف

بابر کے پاس بہترین تکنیک ہے ،وہ میری تمام ویری ایشنز کو کھیلنے کے قابل ہوتے: لیجنڈری سری لنکن آف سپنر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 24 اگست 2021 17:38

بابراعظم کو بائولنگ کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا: متیاہ مرلی دھرن کا اعتراف
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 24 اگست 2021ء ) سری لنکا کے سابق سپن بولنگ لیجنڈ متیاہ مرلی دھرن نے پاکستانی کپتان بابراعظم کو ان موجودہ کھلاڑیوں میں سے ایک قرار دیا ہے جو انہیں بہتر کھیلنے کے قابل ہوتے۔ 48 سالہ مرلی دھرن نے کہا کہ بابراعظم کے پاس بہترین تکنیک ہے اور وہ ان کی تمام ویری ایشنز کو کھیلنے کی اہلیت رکھتے ۔ سابق بھارتی کرکٹر آکاش چوپڑا نے ایک ویب سائٹ کے لیے مرلی دھرن کا انٹرویو کرتے ہوئے ان سے ان کی رائے کے بارے میں پوچھا کہ کیا موجودہ کھلاڑی بھی انہیں کھیلنے کے قابل ہوتے؟۔

لیجنڈری سپنر نے ہندوستانی کپتان ویرات کوہلی کو بھی جدید دور میں سپن کے بہترین بلے بازوں میں سے ایک قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کوہلی کو بائولنگ کرنا مشکل ہوتا کیونکہ وہ سپن کے اچھے کھلاڑی ہیں ،میں نے بابراعظم کو کبھی بیٹنگ کرتے ہوئے نہیں دیکھا لیکن وہ بھی بہتر کھلاڑیوں میں سے ایک لگتے ہیں کیوں کہ ان کا تعلق بھی برصغیر سے ہے ۔

(جاری ہے)

بابراعظم کا شمار پاکستان ٹیم میں سپن بولنگ کے بہترین کھلاڑیوں میں کیا جاتا ہے اور تینوں فارمیٹس میں سپن بولنگ کے خلاف ان کا ریکارڈ زبردست ہے۔

سپن بائولنگ کے خلاف بابراعظم کی بیٹنگ اوسط تینوں فارمیٹس میں بے مثال ہے۔ ٹیسٹ میں ان کی بیٹنگ اوسط 51.7 ، ون ڈے میں 87.3 اور ٹی 20 کرکٹ میں 73.6 ہے۔ آف سپن بائولنگ کے خلاف بھی بابراعظم کا ریکارڈ شاندار ہے۔ انہوں نے آف سپن بائولنگ کیخلاف ٹیسٹ کرکٹ میں 66.3 ، ون ڈے میں 67.1 ، اور ٹی ٹونٹی کرکٹ میں 165.0 کی اوسط سے رنز بنائے ہیں ، وہ آف سپنر سے صرف 16 بار آؤٹ ہوئے اور تمام فارمیٹس میں آف سپن بولنگ کے خلاف 89 ​​اننگز میں 1166 رنز بنائے۔ واضح رہے کہ مرلی دھرن 800 ٹیسٹ وکٹیں اور 534 ون ڈے وکٹیں لینے والے واحد بائولر ہیں۔
وقت اشاعت : 24/08/2021 - 17:38:54

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :