ویرات کوہلی 50 اننگز سے سنچری سکور کرنے میں ناکام، 7ویں بار اینڈرسن کا شکار بن گئے

انگلینڈ کیخلاف تیسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں بھی بھارتی کپتان 7 رنز بنا کر جیمز اینڈرسن کا شکار بنے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 26 اگست 2021 12:57

ویرات کوہلی 50 اننگز سے سنچری سکور کرنے میں ناکام، 7ویں بار اینڈرسن کا شکار بن گئے
ہیڈنگلے (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 26 اگست 2021ء ) ویرات کوہلی کی ناکامیوں کا سلسلہ دراز ہوگیا،بھارتی کپتان کوسنچری بنائے 50 اننگز بیت گئیں۔ انگلینڈ سے تیسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں بھی کوہلی 7 رنز بنا کر جیمز اینڈرسن کا شکار بن گئے، انگلش پیسر نے کیریئر میں 7ویں بار انھیں پویلین بھیجا۔ ان سے قبل آسٹریلوی سپنر نیتھن لائن بھی 7 بار کوہلی کو اپنا نشانہ بنا چکے ہیں۔

برطانوی پیسر سٹورٹ براڈ، آف سپنر معین علی، کینگرو پیسر پیٹرک کمنز اور برطانوی آل رائونڈر بین سٹوکس 5 ،5 مرتبہ ویرات کوہلی کو پوویلین واپس بھیج چکے ہیں ۔ یاد رہے کہ انگلینڈ کے باؤلرز کی تباہ کن باؤلنگ کے سبب بھارتی ٹیم تیسرے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں صرف 78 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

(جاری ہے)

لیڈز میں کھیلے جا رہے سیریز کے تیسرے ٹیسٹ میچ میں بھارت کے کپتان ویرات کوہلی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو تباہ کن ثابت ہوا۔

باؤلنگ کے لیے سازگار کنڈیشنز میں تجربہ کار جیمز اینڈرسن سمیت انگلش فاسٹ باؤلرز کا سامنا بھارتی باؤلرز کے لیے کسی امتحان سے کم نہ تھا اور پہلے ہی اوور میں گزشتہ دو میچوں میں سنچری بنانے والے لوکیش راہل بغیر کوئی رن بنائے جیمز اینڈرسن کا نشانہ بن گئے۔ ابھی بھارتی ٹیم اس نقصان سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ اینڈرسن نے متحمل مزاج چتیشور پجارا کی اننگز کا بھی خاتمہ کردیا۔

ویرات کوہلی اور روہت شرما کی جوڑی نے 17 رنز جوڑ کر سکور کو 21 تک پہنچایا ہی تھا کہ دنیا کی تاریخ کے کامیاب ترین ٹیسٹ فاسٹ باؤلر نے بھارتی کپتان کو بھی 7 رنز پر ٹھکانے لگا دیا۔ روہت شرما کا ساتھ دینے اجنکے رہانے آئے اور دونوں نے سنھل کر بیٹنگ کرتے ہوئے سکور آگے بڑھایا اور ٹیم کے سب سے بڑی شراکت قائم کرتے ہوئے نصف سنچری مکمل کرائی۔ کھانے کے وقفے سے چند لمحے قبل ہی رہانے کی ہمت جواب دے گئی اور وہ 18 رنز بنانے کے بعد اولی رابنسن کو وکٹ دے بیٹھے۔

کھانے کے وقفے کے فوراً جارح مزاج بلے باز رشبھ پنت بھی صرف 2 رنز بنا کر رابنسن کا شکار بن گئے۔ بھارت کی اس موقع پر تمام تر امیدیں اوپننگ بلے باز روہت شرما سے وابستہ تھیں جو دوسرے اینڈ سے بے بسی کے عالم میں ساتھی کھلاڑیوں کی پویلین واپسی کا تماشا دیکھے جا رہے تھے۔ 67 کے مجموعی سکور پر روہت شرما کی ہمت بھی چلتے بنے جنہوں نے کریگ اوورٹن کی وکٹ بننے سے قبل 105 گیندوں پر 19 رنز بنائے جبکہ اگلی ہی گیند پر محمد شامی بھی آؤٹ ہوگئے لیکن اووٹن ہیٹ ٹرک نہ کر سکے۔

بحرانی حالات میں اچھی اننگز کھیلنے کے لیے مشہور روندرا جدیجا بھی اس مرتبہ ٹیم کے کام نہ آسکے اور 4 کے انفرادی سکور پر سیم کرن نے انہیں قابو کر لیا اور اگلی گیند پر جسپریت بمراہ کو آؤٹ کر کے بھارت کو نواں نقصان پہنچایا۔ محمد سراج نے سیم کرن کو ہیٹ ٹرک سے تو باز رکھا لیکن کریگ اوورٹن نے انہیں آؤٹ کرکے 78 کے مجموعی سکور پر بھارت کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔ انگلینڈ کی جانب سے فاسٹ باؤلرز نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے تمام وکٹیں حاصل کیں۔ جیمز اینڈرسن اور کریگ اوورٹن نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ اولی رابنسن اور سیم کرن کے حصے میں دو، دو وکٹیں آئیں۔ یاد رہے کہ 5 ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں بھارت کو 0-1 کی برتری حاصل ہے۔
وقت اشاعت : 26/08/2021 - 12:57:32

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :