ارشد ندیم بھارت کے نیرج چوپڑا کیلئے خوش قسمت ثابت ہوئے؟

فائنل میں تھرو کیلئے نیرج اپنا نیزہ ڈھونڈ رہے تھے جو ارشد نے غلطی سے اٹھایا ہوا تھا،نیرج نے ارشد سے نیزہ مانگا جس کے بعد وہ پہلی تھرو سے ہی سب سے آگے رہے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 26 اگست 2021 13:22

ارشد ندیم بھارت کے نیرج چوپڑا کیلئے خوش قسمت ثابت ہوئے؟
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 26 اگست 2021ء ) پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم جیولین تھرو کے دوران بھارتی ایتھلیٹ نیرج چوپڑا کیلئے خوش قسمت ثابت ہوئے؟،فائنل میں سب سے پہلی تھرو کیلئے نیرج اپنا نیزہ ڈھونڈ رہے تھے جو ارشد ندیم نے غلطی سے اٹھایا ہوا تھا،نیرج نے ارشد سے کہا کہ بھائی یہ میرا نیزا ہے، میری باری آگئی ہے جس کے بعد نیرج پہلی تھرو سے ہی سب سے آگے رہے۔

ٹوکیو اولمپکس میں نیرج چوپڑا گولڈ میڈل کیلئے فیورٹ نہیں تھے لیکن حیران کن طور پر انہوں نے جرمن کھلاڑیوں سے بھی بہتر تھرو پھینکی، پاکستان کے ارشد ندیم 5ویں نمبر پر رہے لیکن اس کے باوجود انہیں بہت سراہا گیا۔ وطن واپسی پر ایک انٹرویو میں نیرج نے کہا تھا کہ اگر پوڈیم پر ان کے ساتھ پاکستان کے ارشد ندیم بھی ہوتے تو ’ایشیا کا نام ہو جاتا اور یہ کتنا اچھا ہوتا‘۔

(جاری ہے)

نیرج نے یہ بھی بتایا تھا طلائی تمغہ جیتنے کے ایک دن بعد انہوں نے اختتامی تقریب سے پہلے ڈائننگ ہال میں ارشد ندیم سے ملاقات کی تھی۔ دونوں نے بہت گرمجوشی سے ملاقات کی۔ نیرج چوپڑا کے مطابق ارشد ندیم نے ایک بڑی مسکراہٹ کے ساتھ انہیں مبارکباد دی تھی۔ ارشد ندیم نے اپنی پہلی تھرو 82.4 میٹر دور پھینکی، ان کی دوسری تھرو فاؤل قرار پائی جبکہ تیسری تھرو 84.62 میٹر دور پہنچی۔

اس تیسری تھرو کے باعث وہ 12 ایتھلیٹس میں سے 5ویں نمبر پر رہے۔ 24 سالہ ارشد ندیم اولمپکس میں تمغہ نہ جیتنے کا 29 سالہ جمود بھی نہ توڑ سکے ۔ پاکستان نے آخری مرتبہ اولمپکس میں تمغہ 1992ء کے بارسلونا اولمپکس میں جیتا تھا جب ہاکی ٹیم شہباز احمد کی قیادت میں کانسی کا تمغہ جیتنے میں کامیاب ہوئی تھی۔ ارشد ندیم کی اس سال کی بہترین کارکردگی 86.38 میٹرز تھی جو انھوں نے ایران کے شہر مشہد میں منعقدہ مقابلے میں دکھائی تھی۔ ارشد ندیم نے ٹوکیو اولمپکس کے کوالیفائنگ مقابلوں میں 85.16 میٹرز دور جیولن پھینک کر فائنل راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔ وہ کوالیفائنگ مقابلوں میں گروپ بی میں پہلے نمبر پر رہے تھے جبکہ مجموعی طور پر کوالیفائنگ راؤنڈ میں ان کی تیسری پوزیشن رہی تھی۔
وقت اشاعت : 26/08/2021 - 13:22:27

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :