خیبرپختونخوا ہاکی لیگ پشاور ریجن میں ٹرائلز شروع ہوگئے

ہاکی لیگ 30 ستمبر سے شروع ہوگا، جس کے تمام میچز آسٹروٹرف پر کھیلے جائیں گے ، اسفندیارخان خٹک ڈی جی سپورٹس

منگل 14 ستمبر 2021 20:34

خیبرپختونخوا ہاکی لیگ پشاور ریجن میں ٹرائلز شروع ہوگئے
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 ستمبر2021ء) ڈائریکٹریٹ آف سپورٹس خیبرپختونخوا کے زیراہتمام خیبرپختونخوا ہالی لیگ کیلئے ٹرائلز کا مرحلہ پشاور ریجن سے شروع ہوگیا جس میں چارسدہ ، نوشہرہ ، پشاور ، خیبراور مہمند ڈسٹرکٹ کے سو سے زائد کھلاڑیوں نے حصہ لیا ، ٹرائلز کا افتتاح ڈائریکٹرجنرل سپورٹس اسفندیارخان خٹک نے کیا ان کے ہمراہ ڈائریکٹر آپریشن سید ثقلین شاہ ، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ سلیم رضان ، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر تحسین الله، ایڈمن آفیسر سید جعفر شاہ ، چیف سلیکٹر اولمپئن رحیم خان اور انٹر نیشنل کھلاڑی یاسر اسلام سمیت دیگرشخصیات موجود تھیں ، ڈائریکٹریٹ آف سپورٹس اور پی ایچ ایف کے باہمی اشتراک سے خیبرپختونخوا ہاکی 30 ستمبر سے شروع ہورہی ہے جس میں آٹھ مختلف ٹیمیں شرکت کررہی ہیں ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈی جی سپورٹس اسفندیارخان خٹک نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ لیگ کے تحت میچز صوبے کے مختلف آسٹرو ٹرف میں کھیلے جائیں گے جن میں ڈی آئی خان ، بنوں ، کوہاٹ ، پشاور ، چارسدہ اور مردان شامل ہیں۔ کھلاڑیوں کو ٹرانسپورٹ ، خوراک ، رہائش، کٹس سمیت دیگر سہولیات فراہم کی جائیں گی ۔اُنہوںنے بتایا کہ جیتنے والی ٹیموں کو نقد انعامات کے علاوہ ٹرافی سیٹس ، میڈلز اور سرٹیفکیٹس بھی دئیے جائیں گے ۔

پہلی پوزیشن حاصل کرنے کی والی ٹیم کو 10 لاکھ روپے دوسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم کو پانچ لاکھ روپے جبکہ تیسر ی پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم کو دو لاکھ روپے نقد انعامات دیئے جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ تاریخ کی پہلی ہاکی لیگ کا آغاز کررہے ہیں جو 30 ستمبر سے ہوگا پہلا میچ پشاور اور بنوں کی ٹیموں کے درمیان پشاور میں ہوگا مجموعی طور پر لیگ میں آٹھ ٹیمیں شرکت کررہی ہیں جس میں ایک ٹیم ضم شدہ اضلاع کی ہوگی ان ٹیموں میں پشاور فالکن‘ملاکنڈ ٹائیگرز ‘ڈی آئی خان سٹالینز ‘کوہاٹ ایگلز‘ہزارہ وارئیرز ‘بنوں پینتھرز ‘مردان بیئرز اور ٹرائبل لائنز شامل ہیں‘ان میں ہر ٹیم میں دو پاکستان کے انٹرنیشنل سینئر اور دو جونیئر کھلاڑی شامل ہیں جبکہ دیگر کھلاڑی لوکل ہوں گے جس کا مقصد کھلاڑیوں کو انٹرنیشنل پلیئرز کیساتھ کھیلنے کا موقع فراہم کرنا ہے تا کہ وہ اپنے کھیل میں بہتری لاسکیں۔

ہاکی لیگ کے ٹرائلز کے شیڈول کے مطابق 14 ستمبر کو پشاور ‘15 ستمبر کو کوہاٹ ‘16 ستمبر کو سوات ‘18 ستمبر کو ڈی آئی خان‘19 ستمبر کو بنوں ‘21 ستمبر کو ایبٹ آباد جبکہ 23 ستمبر کو مردان میں ٹرائلز منعقد کئے جائیں گے ‘ ٹرائلز کمیٹی کے چیئر مین اولمپئن رحیم خان ہونگے جبکہ دیگرممبران میںاولمپئن نعیم اختر، انٹرنیشنل ہاکی کھلاڑی و کوچ یاسراسلام، شامل ہیں۔
وقت اشاعت : 14/09/2021 - 20:34:56

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :