نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کا یکطرفہ فیصلہ، پاکستان اور نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان سیریز ملتوی

جمعہ 17 ستمبر 2021 15:44

نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ   کا  یکطرفہ فیصلہ،  پاکستان اور نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان سیریز ملتوی
راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 ستمبر2021ء) پاکستان کی جانب سے سکیورٹی کے لیے فول پروف انتظامات  کی یقین دہانی کے باوجود نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ  کے یکطرفہ فیصلے کے بعد  پاکستان اور نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان سیریز ملتوی کردی گئی ہے  جو جمعہ سے پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں شروع ہونا  تھی۔پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق  نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے آگاہ کیا ہے کہ انہیں سکیورٹی کے حوالے سے الرٹ کیا گیا ہے اس لئے یکطرفہ طور پر سیریز ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ اور حکومت پاکستان نے مہمان ٹیم کی سکیورٹی کے لیے فول پروف انتظامات کررکھے تھے اور نیوزی کرکٹ بورڈ کو بھی یہی یقین دہانی کرائی گئی تھی۔ وزیر اعظم نے ذاتی طور پر نیوزی لینڈ کی وزیراعظم کو رابطہ کرکے بتایا کہ ہماری سیکورٹی انٹیلیجنس دنیا کی ایک بہترین ایجنسی ہے اور مہمان ٹیم کو کوئی سکیورٹی تھریٹ نہیں۔

(جاری ہے)

نیوزی لینڈ ٹیم کے آفیشلز نے حکومت پاکستان کی سکیورٹی پر اطمینان کا اظہار کیا تھا۔

واضح رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 3 ون ڈےاور 5 ٹی ۔20 میچز کی سیریز شیڈول تھی جس کے تین ون ڈے میچز پنڈی کرکٹ سٹیڈیم ،راولپنڈی میں بالترتیب 17، 19 اور 21 ستمبر کو کھیلے جانے تھے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان 5 ٹی -20 میچز کی سیریز کے تمام میچز قذافی سٹیڈیم لاہور میں شیڈول تھے۔  ٹی -20 میچز  شیڈول کے مطابق 25، 26،  29ستمبر ،  یکم اکتوبر اور 3 اکتوبر کو لاہور میں کھیلے جانے تھے۔
وقت اشاعت : 17/09/2021 - 15:44:33

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :