نیوزی لینڈ کے بعد انگلش ٹیم کا دورۂ پاکستان بھی مشکوک،24 گھنٹے اہم

انگلینڈ کی ٹیم نے راولپنڈی میں13 اور 14 اکتوبر کو دو ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے ہیں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 17 ستمبر 2021 16:08

نیوزی لینڈ کے بعد انگلش ٹیم کا دورۂ پاکستان بھی مشکوک،24 گھنٹے اہم
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 17 ستمبر 2021ء )  برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کے فیصلے کے بعد انگلش ٹیم کا دورۂ پاکستان بھی مشکوک ہوگیا ہے۔ شیڈول کے مطابق انگلینڈ کی مینز اور ویمن ٹیمیں 9 اکتوبر کو اسلام آباد پہنچیں گی، مینز ٹیم کی قیادت این مورگن اور ویمن ٹیم کی قیادت ہیتھر نائٹ کریں گی۔ انگلینڈ کی ٹیم راولپنڈی میں 13 اور 14 اکتوبر کو دو ٹی ٹونٹی میچز کھیلنے ہیں ،جس کے بعد انگلش ٹیم 15 اکتوبر کو اسلام آباد سے دبئی روانہ ہوجائے گی جب کہ ویمن کرکٹ ٹیم 3 ون ڈے میچز کے لیے 21 اکتوبر تک اسلام آباد میں رہے گی۔

پی سی بی کے مطابق پاک انگلینڈ ویمن ون ڈے میچز 19،17 اور 21 اکتوبر کو ہوں گے۔ پاکستان اور انگلینڈ کے تمام میچ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہونا تھے تاہم آپریشنل اور لاجسٹک وجوہات کی بنیاد پر میچ راولپنڈی منتقل کیے گئے ۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم نے سیکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر دورۂ پاکستان ختم کر دیا ہے، پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کرکٹ نے آج بتایا ہے کہ انہیں کوئی سیکیورٹی الرٹ موصول ہوا ہے جس کے بعد انہوں نے یک طرفہ طور پر سیریز منسوخ کر دی ہے۔ کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے نیوزی لینڈ کی وزیرِ اعظم کو ٹیلی فون پر سکیورٹی کی یقین دہانی بھی کرائی۔
وقت اشاعت : 17/09/2021 - 16:08:42

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :