جلد بازی میں دورہ پاکستان سے متعلق فیصلہ نہیں کریں گے: کرکٹ آسٹریلیا

پاکستان میں سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں ، سکیورٹی ماہرین کا مشورہ اہم ہوگا، دیگر ایجنسیز سے بھی معلومات کا تبادلہ کریں گے: ترجمان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 18 ستمبر 2021 12:18

جلد بازی میں دورہ پاکستان سے متعلق فیصلہ نہیں کریں گے: کرکٹ آسٹریلیا
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 18 ستمبر 2021ء ) کرکٹ آسٹریلیا کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ہم پاکستان کے دورے کے حوالے سے جلد بازی میں کوئی فیصلہ نہیں کریں گے۔کرکٹ آسٹریلیا کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان میں سکیورٹی کی صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں ، اس ضمن میں سکیورٹی ماہرین کا مشورہ اہم ترین ہوگا جب کہ دیگر ایجنسیز سے بھی معلومات کا تبادلہ کریں گے، ہمیں جو معلومات ملیں گی ان کا نیوزی لینڈ کرکٹ سے بھی تبادلہ کیا جائے گا،جلد بازی میں دورہ پاکستان کا فیصلہ نہیں کریں گے ۔

یاد رہے کہ آسٹریلین کرکٹ ٹیم نے اگلے سال فروری ،مارچ میں پی ایس ایل 7کے بعد پاکستان کا دورہ کرنا ہے جس کے دوران دونوں ٹیموں کے مابین 2 ٹیسٹ،3 ون ڈے انٹرنیشنل اور3 ٹی ٹونٹی میچز پر مشتمل سیریز شیڈول ہے، آسٹریلین کرکٹ ٹیم نے 1998ء کے بعد پاکستان کا دورہ نہیں کیا ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ پاکستان کے دورے پر آئی نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے بورڈ نے اچانک سیکیورٹی خدشات کا بہانہ بنا کر سیریز منسوخ کرنے اور وطن واپس جانے کا اعلان کردیا۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ راولپنڈی سٹیڈیم میں دوپہر ڈھائی بجے شروع ہونا تھا اور پاکستان 18 سال بعد اپنی سرزمین پر نیوزی لینڈ ٹیم کی میزبانی کے لیے تیار تھا تاہم اچانک مہمان ٹیم کی کرکٹ بورڈ نے دورہ ختم کرکے ٹیم کو واپس بلانے کا اعلان کردیا۔ اس حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ نے بتایا کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم اور آفیشلز کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی گئی تھی جس پر انھوں نے اطمینان کا اظہار بھی کیا تھا تاہم اچانک نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے دورہ منسوخ کردیا۔

پی سی بی کے مطابق نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے صبح بتایا کہ انھیں سکیورٹی خدشات کے حوالے سے الرٹ موصول ہوئے ہیں جس کے باعث دورہ پاکستان منسوخ کرنا ہوگا اور ٹیم کو واپس وطن بھیج دیا جائے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم دورے کو شیڈول کے مطابق جاری رکھنا چاہتے ہیں اور تمام انتظامات بھی مکمل ہیں لیکن آخری لمحے میں نیوزی لینڈ کے فیصلے سے کرکٹ کے شائقین کو مایوسی ہوئی ہے۔
وقت اشاعت : 18/09/2021 - 12:18:02

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :