نیوزی لینڈ حکومت کو پاکستان میں کرکٹ ٹیم کیخلاف تھریٹ کی اطلاع فائیوآئیز کی جانب سے دی گئی

فائیو آئیز نیوزی لینڈ ، آسٹریلیا، کینیڈا ،امریکا اور برطانیہ پر مشتمل انٹیلی جنس اتحاد ہے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 18 ستمبر 2021 14:21

نیوزی لینڈ حکومت کو پاکستان میں کرکٹ ٹیم کیخلاف تھریٹ کی اطلاع فائیوآئیز کی جانب سے دی گئی
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 18 ستمبر 2021ء ) نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان منسوخ کرنے کی اصل وجہ سامنے آگئی۔ نیوزی لینڈ کے میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ نیوزی لینڈ کی حکومت کو پاکستان میں کرکٹ ٹیم کے خلاف تھریٹ کی اطلاع فائیوآئیز کی جانب سے دی گئی تھی۔ فائیو آئیز نیوزی لینڈ ، آسٹریلیا، کینیڈا ،امریکا اور برطانیہ پر مشتمل انٹیلی جنس اتحاد ہے۔

نیوزی لینڈ ہیرالڈ نے غیرملکی میڈیا کے حوالے سے دعویٰ کیا کہ یہ اطلاع قابل بھروسہ تھی ،جس کے بعد نیوزی لیںڈ کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نے پی سی بی کے چیئرمین کو ٹیلی فون کیا جب کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے وزرائے اعظم کے درمیان بھی ٹیلی فون پر رابطے ہوئے اور ان رابطوں کے 12 گھنٹے بعد نیوزی لینڈ ٹیم کا دورہ پاکستان ختم کرنے کا اعلان کر دیا گیا ۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹس کے مطابق نیوزی لینڈ کے نائب وزیراعظم گرانٹ روبرٹسن نے خطرات کی نوعیت نہیں بتائی تاہم انہوں نے تصدیق کی کہ اطلاع قابل بھروسہ تھی اور فوری اقدام ضروری تھا ۔ وزیر داخلہ شیخ رشید نے پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ نیوزی لینڈ ٹیم کے حوالے سے کوئی سکیورٹی تھرٹ نہیں اور سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔ واضح رہے کہ فائیوآئیز نیوزی لینڈ ، آسٹریلیا، کینیڈا ،امریکا اور برطانیہ پر مشتمل انگلش بولنے والے پانچ جمہوری ملکوں پر مشمتل انٹیلی جنس شئیرنگ انتظام ہے جو دوسری جنگ عظیم کے بعد شروع ہونے والی سرد جنگ کے دوران سوویت یونین پر نظر رکھنے کے لیے قائم کیا گیا تھا۔
وقت اشاعت : 18/09/2021 - 14:21:58

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :