پی سی بی کا انگلش ٹیم کا دورہ پاکستان ممکن بنانے کیلئے تمام آپشن استعمال کرنے کا فیصلہ

کرکٹ بورڈ کا وفاقی حکومت سے رابطہ، سفارتی ذرائع بروئے کار لائے جائیں گے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 18 ستمبر 2021 15:39

پی سی بی کا انگلش ٹیم کا دورہ پاکستان ممکن بنانے کیلئے تمام آپشن استعمال کرنے کا فیصلہ
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 18 ستمبر 2021ء ) پاکستان کرکٹ بورڈ نے انگلینڈ کی ٹیم کا دورہ پاکستان ممکن بنانے کے لیے تمام آپشن استعمال کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے اس ضمن میں وفاقی حکومت سے رابطوں کا آغاز کردیا ہے اور انگلینڈ کو 16 سال بعد پاکستان کا دورہ کرنے کے لیے رضامند کرنے کے لیے سفارتی ذرائع کو بھی استعمال میں لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ نیوزی لینڈ کی جانب سے سیکیورٹی جواز بناکر دورہ پاکستان اچانک منسوخ ہونے پر انگلینڈ کرکٹ بورڈ کی جانب سے بھی بیان جاری کیا گیا جس میں کرکٹ بورڈ کے ترجمان نے کہا کہ نیوزی لینڈ کے پاکستان سے جانے کے فیصلے سے آگاہ ہیں۔ ترجمان انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے کہا کہ پاکستان میں موجود ہماری سکیورٹی ٹیم کے ساتھ مشاورت کررہے ہیں اور اگلے 24 سے 48 گھنٹے میں دورہ پاکستان کے حوالے سے حتمی فیصلہ کرلیں گے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب پاکستان میں موجود برطانوی ہائی کمشنر نے کہا کہ ہمارا نیوزی لینڈ کی ٹیم سے واپسی سے کوئی تعلق نہیں، کرکٹ سیریز کی منسوخی نیوزی لینڈ کا یکطرفہ فیصلہ ہے۔ واضح رہے نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم نے 18 سال بعد پاکستان کا دورہ کیا تھا اور وہ بغیر کوئی میچ کھیلے آج واپس چلی جائے گی جب کہ انگلینڈ کرکٹ ٹیم 16 سال بعد پاکستان کا دورہ کرے گی جس میں وہ 2 ٹی ٹونٹی میچز کھیلے گی جو 13 اور 14 اکتوبر کو روالپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔
وقت اشاعت : 18/09/2021 - 15:39:56

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :