پاکستانی شائقین کرکٹ مایوس نہ ہوں، 21 ستمبر سے سنسنی خیز میچز دیکھنے کیلئے تیار ہو جائیں

نیوزی لینڈ سیریز کی منسوخی کے بعد پی سی بی نے متبادل انتظام کر لیا، راولپنڈی میں قومی ٹی ٹوئنٹی کپ کے قبل از وقت انعقاد کا فیصلہ

muhammad ali محمد علی ہفتہ 18 ستمبر 2021 22:16

پاکستانی شائقین کرکٹ مایوس نہ ہوں، 21 ستمبر سے سنسنی خیز میچز دیکھنے کیلئے تیار ہو جائیں
راولپنڈی (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 ستمبر2021ء) پاکستانی شائقین کرکٹ مایوس نہ ہوں، 21 ستمبر سے سنسنی خیز میچز دیکھنے کیلئے تیار ہو جائیں۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے نیوزی لینڈ سیریز کی منسوخی کے بعد پاکستانی شائقین کرکٹ کو مایوسی سے نکالنے اور مالی نقصانات کے کسی حد تک ازالے کیلئے اہم فیصلہ کیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق نیوزی لینڈ سیریز منسوخ ہونے کے بعد پی سی بی نے قومی ٹی ٹوئنٹی کپ کے قبل از وقت انعقاد کا فیصلہ کیا ہے۔

پی سی بی کی جانب سے قومی ٹی ٹوئنٹی کپ 2021 کا انعقاد ملتان میں کروانے کا فیصلہ کیا گیا تھا، تاہم اب اس ٹورنامنٹ کو راولپنڈی منتقل کر دیا گیا ہے۔ پی سی بی ذرائع کے مطابق ٹورنامنٹ کا 21 ستمبر سے آغاز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، پاکستانی شائقین کرکٹ کو 2 روز کے انتظار کے بعد سنسنی خیز میچز دیکھنے کو ملیں گے۔

(جاری ہے)

پی سی بی حکام تمام ڈومیسٹک کرکٹ ٹیموں کو اس فیصلے سے متعلق آگاہ کر دیا ہے، جبکہ پاکستان کے بیشتر بین الاقوامی کرکٹرز بھی ٹورنامنٹ میں شرکت کریں گے، جس سے ٹورنامنٹ میں شائقین کرکٹ کی دلچسپی بڑگے گی۔

واضح رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان سیریز کا گزشتہ روز سے راولپنڈی میں آغاز ہونا تھا۔ سیریز میں 3 ایک روزہ اور 5 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جانا تھے، تاہم نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے سیریز کے آغاز سے چند گھنٹے قبل ہی یکطرفہ طور پر سیریز منسوخ کر کے اپنی کرکٹ ٹیم کو واپس بلانے کا اعلان کر دیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کی جانب سے دورہ منسوخ کیے جانے سے پاکستان کو ایک سے ڈیڑھ ملین ڈالر کا نقصان ہوا ہے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کی جانب سے دورہ پاکستان منسوخ ہونے کے باوجود پاکستان کرکٹ بورڈ کو بھاری نقصان کا انشورنس کور نہیں ملے گا ۔ پی سی بی کا کہنا ہے کہ اس قسم کے حالات میں سیریز انشورڈ ہونے کے باوجود انشورنس کمپنی سے ایک دھیلا نہیں ملے گا۔ پاکستان یہ کیس اب آئی سی سی کے سامنے رکھے گا تاکہ نقصان کازالہ ہو۔
وقت اشاعت : 18/09/2021 - 22:16:00

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :