نیوزی لینڈ کرکٹ کی پی سی بی کو نیوٹرل وینیو پر کھیلنے کی پیشکش

پاکستان سے جلد از جلد میچز کھیلنے کو تیار ہیں ،فی الحال پاکستان نہیں آسکتے اسلئے نیوٹرل وینیو پر میچز کھیل لیں: کیوی بورڈ کا پی سی بی کو خط

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 20 ستمبر 2021 12:27

نیوزی لینڈ کرکٹ کی پی سی بی کو نیوٹرل وینیو پر کھیلنے کی پیشکش
ویلنگٹن (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔20 ستمبر 2021ء ) نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے پاکستان کو پیشکش کی ہے کہ جلد ازجلد میچز کھیلنے کو تیارہیں تاہم فی الحال پاکستان نہیں آسکتے، نیوٹرل وینیوپر میچز کھیل لیں۔ تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈپی سی بی کی جانب سے سخت رد عمل دیئے جانے کے بعد مصالحت پراترآیا ، ذرائع کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو خط لکھا ہے جس میں پیشکش کی ہے کہ پاکستان سے جلد از جلد میچز کھیلنے کو تیار ہیں ،فی الحال پاکستان نہیں آسکتے اس لیے نیوٹرل وینیو پر میچز کھیل لیں۔

پی سی بی چیئرمین رمیزراجہ نے سخت ردعمل کے بعد نیوزی لینڈ بورڈ کو خط لکھا تھا۔ گذشتہ روز بھی نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو ڈیوڈوائٹ نے پاکستان کے اچانک ہونے والے منسوخ دورے کے حوالے سے گفتگو میں کہا تھا کہ پاکستانی قوم کرکٹ کیلئے بہت جذبہ رکھتی ہے، ہم پاکستانی قوم کو ہونے والی مایوسی کو سمجھ سکتے ہیں‘۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ کیوی ٹیم کے دوبارہ دورہ پاکستان سےمتعلق بات کرنا قبل از وقت ہے، منسوخ میچز کو دوبارہ ری شیڈول کرنےکی کوشش کریں گے،سیریز منسوخی سے ہونے والے مالی نقصان سے متعلق بھی بات کی جائے گی ۔

ڈیوڈوائٹ نے کہا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے قریبی مراسم ہیں، جنہیں ہم مستقبل میں بھی جاری رکھنا چاہتے ہیں، پاکستان یا انگلینڈ دورے کیلئے سکیورٹی کا مکمل جائزہ لیتے ہیں اور پھر ٹیم کو بھیجتے ہیں۔
وقت اشاعت : 20/09/2021 - 12:27:05

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :