پی سی بی کو نیشنل ٹی ٹونٹی کپ میں شائقین کو بلانے کی اجازت مل گئی

صرف ویکسینیٹڈ افراد کو سٹیڈیم آکر میچ دیکھنے کی اجازت ہوگی 30 ستمبر تک 25 فیصد شائقین کرکٹ میچ دیکھنے کے لیے سٹیڈیم آسکیں گے

پیر 20 ستمبر 2021 23:51

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 ستمبر2021ء) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) کو راولپنڈی میں کھیلے جانے والے نیشنل ٹی ٹونٹی کپ میں شائقین کو بلانے کی اجازت مل گئی۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اسد عمر کی زیر صدارت ہونے والے این سی او سی کے اجلاس میں پی سی بی کو شائقین کرکٹ کو سٹیڈیم لانے کی اجازت دی گئی ، ذرائع کے مطابق صرف ویکسینیٹڈ افراد کو ہی سٹیڈیم آکر میچ دیکھنے کی اجازت ہوگی، پی سی بی ویکسینیٹڈ افراد کو ٹکٹوں کے اجرائ کے لیے طریقہ کار بنائے گا۔

(جاری ہے)

ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ 30 ستمبر تک 25 فی صد شائقین کرکٹ میچ دیکھنے کے لیے سٹیڈیم آسکیں گے اور 28 ستمبر کو شائقین کی شرح میں اضافے پر نظر ثانی کے لیے اجلاس ہوگا۔ یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کی واپسی کے بعد کرکٹرز کے لیے نئی مصروفیت تلاش کرلی ہے۔ 26 ٹیموں کے کھلاڑی اب 23 ستمبر سے راولپنڈی میں کھیلے جانے والے قومی ٹی ٹونٹی کپ میں ایکشن میں نظر آئیں گے، ورلڈ کپ سکواڈ میں شامل کھلاڑی بھی قومی ایونٹ میں شریک ہوں گے، پہلا مرحلہ راولپنڈی میں ہوگا، بعد ازاں فائنل سمیت میچز لاہور میں کھیلے جائیں گے۔
وقت اشاعت : 20/09/2021 - 23:51:24

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :