قومی کرکٹ ٹیم کی حوصلہ افزائی کرنے کا وقت ہے، حنید لاکھانی

نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کی منسوخی میں بھارت ملوث ہے،رہنما تحریک انصاف

منگل 21 ستمبر 2021 16:19

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 ستمبر2021ء) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و سربراہ بیت المال سندھ حنید لاکھانی نلے کہا ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کی حوصلہ افزائی کرنے کا وقت ہے پوری قوم ہر طرح سے اپنی کرکٹ ٹیم کے ساتھ کھڑی ہے صورتحال مشکل ضرور ہے لیکن جلد اس صورتحال سے نکل آئیں گے نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے پاکستان کے دورے سے سب سے زیادہ تکلیف بھارت کو ہور ہی تھی اور اس بات میں کوئی شک نہیں ہے کہ یہ ساری سازش بھارت کی ہے ، نیوزی لینڈ کی ٹیم کو پاکستان نے جتنی زبردست سیکورٹی دی تھی اتنی تو شاید ان کو اپنے ملک میں بھی نہ ملتی ہو، ان خیالات کا اظہار انہوں نے حنید لاکھانی سیکرٹریٹ سے جاری کردہ بیان میں کیا، حنید لاکھانی نے کہا کہ کرکٹ حلقوں میں پاکستان کو تنہاکرنے کی سازش کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے ساری دنیا جانتی ہے کہ پاکستان ایک بہترین میزبا ن ہے اور کسی بھی غیر ملکی کرکٹ ٹیم کی میزبانی میں کوئی کمی نہیں ہونے دیتا ہماری روایات ہمیں مہمانوں کی مہمان نوازی اور ان کا احترام کرنے کا درس دیتی ہیں لیکن اس کا ہر گز یہ مقصد نہیں ہے کہ دوسروں کے کہنے پر کوئی بھی ہمارے ملک میں سیکورٹی کا ایشو بنا کر ہمیں بدنام کرنے کی سازش کریگا اور ہم خاموش بیٹھے رہیں گے ، انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک پر امن اور محفوظ ترین ملک ہے نیوزی لینڈ کے اپنے ملک میں سیکورٹی کتنی ہے وہ بھی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہے پاکستان نے ہمیشہ اپنے مثبت رویے سے دنیا کو یہ بتایا کہ ہم ہر لحاظ سے پر امن لوگ ہیں ، پاکستان نے ہمیشہ بیرو ن ممالک سے آنے والی کرکٹ ٹیموں کا ساتھ بڑھ چڑھ کردیا ہے لیکن انگلینڈ اور نیوزی لینڈ نے دورے ملتوی کر کہ نہ صرف کرکٹ شائقین کو دلی دکھ پہنچایا ہے بلکہ پاکستان کو بھی یہ پیغام دیا ہے کہ وہ اب پاکستان بھی ان ملکوں کی ٹیموں کے ساتھ کوئی لحاظ نہ برتے ، اگرکوئی ہماری مہمان نوازی اور ہماری روایات کا احترام نہیںکریگا تو ہم سے بھی خوش آمدید کی توقع نہ رکھے ، انہوں نے مزید کہا کہ کھلاڑی ملکوں کے سفیر اور ملکوں میں روابط کو مضبوط کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں لیکن چند سازشی عناصر نے کھیلوں میں بھی سیاست اور دشمنی کو شامل کرنا شروع کردیا ہے ، بھارت اگر یہ سوچ رہا ہے کہ اس کی گھٹیا اور گری ہوئی حرکتوں سے دنیا میں پاکستان کے امیج کو خراب کرنے میں کامیاب ہوجائے گا تو یہ اس کی بھول ہے کیونکہ دنیا پاکستان کی امن پسندی سے بخوبی واقف ہے۔

وقت اشاعت : 21/09/2021 - 16:19:32

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :