نیشنل ٹی ٹونٹی کا اٹھارواں ایڈیشن پرسوں 23 ستمبر سے راولپنڈی میں شروع ہوگا

ایونٹ کا دوسرا مرحلہ لاہورمیں ہوگا، جہاں فائنل 13 اکتوبر کو کھیلا جائیگا، رپورٹ

منگل 21 ستمبر 2021 16:24

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 ستمبر2021ء) نیشنل ٹی ٹونٹی کا اٹھارواں ایڈیشن23 ستمبر سے راولپنڈی میں شروع ہوگا۔ ایونٹ کا دوسرا مرحلہ لاہورمیں ہوگا، جہاں فائنل 13 اکتوبر کو کھیلا جائیگا۔سال 2005 سے جاری ٹورنامنٹ کا یہ ایڈیشن قومی کھلاڑیوں کو آئندہ ماہ شیڈول آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کی تیاریوں میں معاونت کریگا۔

ٹورنامنٹ کی سب سے کامیاب ٹیم سیالکوٹ اسٹالینز ہے۔ جس نے سب سے زیادہ 6 مرتبہ (2006 میں دو مرتبہ، ایک مرتبہ 2008، 2009، 2010 اور 2011 میں) ٹورنامنٹ جیتا۔ لاہور نے پانچ مرتبہ ٹورنامنٹ اپنے نام کیا۔اس دوران لاہور لائنز 3مرتبہ جبکہ لاہور بلیوز اور لاہور وائٹس 1،1 مرتبہ ایونٹ کی فاتح ٹھہری۔ بقیہ پانچ ایونٹس میں پشاور پینتھرز، پشاورریجن، فیصل آباد وولفز، کراچی بلیوز اور ناردرن نے ایک ایک مرتبہ ٹرافی اپنے نام کی۔

(جاری ہے)

خیبرپختونخوا کی ٹیم ایونٹ کی دفاعی چیمپئن ہے، جس نے گزشتہ سال ٹورنامنٹ کے فائنل میں سدرن پنجاب کو شکست دی تھی۔ اس سے قبل پشاور ریجن کی ٹیم بھی سال 2014 اور 2015 میں یہ ایونٹ جیت چکی ہے۔سندھ کی نمائندگی کرنے والے خرم منظور اب تک ایونٹ کے سب سے کامیاب بیٹسمین ہیں۔وہ اب تک ٹورنامنٹ میں 2643 رنز بناچکے ہیں۔ وہ نیشنل ٹی ٹونٹی میں چار سنچریاں بنانے والے واحد بیٹسمین بھی ہیں۔

ان کے علاوہ تین بلے باز ہیں، جنہوں نے ٹورنامنٹ میں 2000 رنز بنارکھے ہیں۔ ان کھلاڑیوں میں کامران اکمل( 2377رنز )، شعیب ملک( 2217 رنز)اور عمر امین (2047 رنز )کے نام شامل ہیں۔دیگر کھلاڑیوں میں محمد حفیظ 1991 اور صہیب مقصود 1883 رنز بناچکے ہیں۔ 967 رنز بنانے والے محمد رضوان بھی اس ٹورنامنٹ میں ایک ہزار رنز کا سنگ میل عبور کرنے پر نظریں جمائے ہوں گے۔

عالمی ٹی ٹونٹی رینکنگ کے سابق نمبر ون باؤلر سعیداجمل نیشنل ٹی ٹونٹی کی تاریخ کے کامیاب ترین باؤلر ہیں۔ وہ مجموعی طور پر 89 وکٹیں لے کر اب تک نیشنل ٹی ٹونٹی میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے باؤلر ہیں۔ انہوں نے 2005 میں کھیلے گئے ایونٹ کے فائنل میں کراچی ڈولفنز کے خلاف 3 وکٹیں حاصل کرکے فیصل آباد وولفز کو ٹائٹل جتوانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

دوسری طرف ٹورنامنٹ میں 81 وکٹیں حاصل کرنے والے وہاب ریاض اور 79 شکار کرنے والے انور علی اس ٹورنامنٹ میں سعید اجمل کا ریکارڈ توڑنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔محمد حفیظ اب تک ٹورنامنٹ میں 49 وکٹیں حاصل کرکے وہ اگر 23 ستمبر سے شروع ہونے والے ایونٹ میں ایک وکٹ حاصل کرلیتے ہیں تو وہ ایک ہزار رنز بنانے کے ساتھ ساتھ پچاس وکٹیں حاصل کرنے والے نیشنل ٹی ٹونٹی کے پہلے کھلاڑی بن جائیں گے۔

گزشتہ ایڈیشن میں سدرن پنجاب کو فائنل میں رسائی دلوانے میں اہم کردار ادا کرنے والے صہیب مقصود نے اس ایڈیشن میں 20 چھکے لگائے تھے،وہ نیشنل ٹی ٹونٹی میں 91 چھکے لگاچکے ہیں۔اس فہرست میں دوسرا نمبر آصف علی کا ہے، جو اب تک 86 چھکے جڑچکے ہیں۔ گزشتہ ایڈیشن میں سدرن پنجاب کی نمائندگی کرنے والے خوشدل شاہ نے سندھ کیخلاف 35 گیندوں پر سنچری اسکور کرکے سب کو حیران کیااس سے قبل ٹورنامنٹ میں تیز ترین سنچری کا ریکارڈ عمر اکمل کے پاس تھا۔

انہوں نے ٹورنامنٹ کے ایک میچ میں 43 گیندوں پر سنچری بنائی تھی۔صرف ایک کھلاڑی ہیں جنہوں نیاس ٹورنامنٹ کے ایک میچ میں150 رنز کی اننگز کھیلی۔ راولپنڈی میں کھیلے گئے ایڈیشن 2017 میں لاہور وائٹس کے وکٹ کیپر بیٹسمین کامران اکمل نے اسلام آباد ریجن کے خلاف 150 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی تھی۔ ٹورنامنٹ میں بہترین باؤلنگ کا ریکارڈ کراچی ڈولفنز کے عرفان الدین کے پاس ہے، انہوں نے سال 2006 میں سیالکوٹ اسٹالینز کیخلاف 25 رنز کے عوض 6 وکٹیں حاصل کی تھیںاس کے علاوہ سیالکوٹ اسٹالینز کے محمد آصف نے اسی سال فیصل آباد وولفز کے خلاف 11 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

علاوہ ازیں خیبرپختونخوا کے شاہین شاہ آفریدی نے دو اننگز میں پانچ پانچ وکٹیں حاصل کیں۔وہاب ریاض نے بھی ایک میچ میں پانچ وکٹیں حاصل کیں۔نیشنل ٹی ٹونٹی کے فاتح میں فیصل آباد وولفز 2005،سیالکوٹ سٹالینز 2006 ،سیالکوٹ سٹالینز 2006 ،سیالکوٹ سٹالینز 2008 ،سیالکوٹ سٹالینز2009 ،سیالکوٹ سٹالینز2010 ،لاہور لائنز2010،سیالکوٹ سٹالینز 2011 ،لاہور لائنز2012،لاہور لائنز2014،پشاور پینتھرز،2014پشاور،2015کراچی بلیوز 2016،لاہور بلیوز 2017،لاہور وائٹس 2018،ناردرن 2019،خیبرپختونخوا 2020 شامل ہیں ۔
وقت اشاعت : 21/09/2021 - 16:24:15

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :