رمیز راجہ کا آسٹریلین ٹیم کے نہ آنے کی صورت میں پلان بی کا عندیہ

افغانستان کرکٹ کے صدر ملاقات کیلئے آرہے ہیں ، سری لنکا ہماری مدد کرسکتا ہے: چیئرمین پی سی بی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 21 ستمبر 2021 16:19

رمیز راجہ کا آسٹریلین ٹیم کے نہ آنے کی صورت میں پلان بی کا عندیہ
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 21 ستمبر 2021ء ) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ نے ٹیم آسٹریلیا کے نہ آنے کی صورت میں پلان بی کا عندیہ دے دیا ،افغانستان کرکٹ کے صدر ملاقات کیلئے آرہے ہیں ، سری لنکا ہماری مدد کرسکتا ہے ۔ لاہور میں ورچوئل پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) نے کہا کہ اپنے بورڈ کو کہہ چکا ہوں کہ ٹیم آسٹریلیا نہیں آتی تو پلان بی بنائیں ، بھارت سے زیادہ توقعات نہیں ہیں. چیئرمین پی سی بی نے بتایا کہ وزیر اعظم عمران خان 22 تاریخ کو کھلاڑیوں سے ملاقات کریں گے ، وزیراعظم سے تفصیلی بات ہوئی ہے ، ان کی گائیڈ لائنز لیتے رہتے ہیں اور لیتے رہیں گے ، ہمیں خود کو مضبوط کرنا ہے تاکہ کوئی کھیلنے سے انکار کرے تو ایک بار ضرور سوچے ، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے کرکٹ چیف سے بات کی ،ریکارڈنگ دکھا سکتا تو آپ کو پتہ چلتا کہ میں نے انکار کرنے والے بورڈز کے ساتھ کیسے بات کی ، میں نے کھل کر کہا کہ آپ نے ہم سے کام لے لیا اور ہمارے ساتھ تعاون نہیں کیا، یہ نہیں ہو سکتا کہ ہم سے مطلب نکل جائے تو ہمیں چھوڑ جائیں ہم عزت کے ساتھ کھیلیں گے ، میں پاکستان کا نقصان نہیں ہونے دوں گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ٹیم سے کہوں گا کہ دنیا کو اپنی پرفارمنس سے خاموش کرانا ہے ، غم اور غصہ ہے ، ہمارے لئے چیلنج بھی ہے کہ ہمیں کھیلنا بھی ہے اور اپنا موقف بھی پیش کرنا ہے ، ہمیں قانونی طور پر بھی معاملہ دیکھنا ہے اور بلاکس بنا کر بھی اس سے نمٹنا ہے ۔
وقت اشاعت : 21/09/2021 - 16:19:12

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :