دورہ پاکستان سے انکار ، انگلش ، نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ معروف غیر ملکی کالم نگاروں کے نشانے پر آگئے

ای سی بی منافقت ،دوہرے معیار سے تیزی سے اپنے دوست کھو سکتا ہے:جارج ڈوبیل،کیوی بورڈ نے اچھے ٹور کا بیڑا غرق کر دیا، پاکستان کا غصہ جائز ہے:مارک ریزن

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 21 ستمبر 2021 16:53

دورہ پاکستان سے انکار ، انگلش ، نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ معروف غیر ملکی کالم نگاروں کے نشانے پر آگئے
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 21 ستمبر 2021ء ) پاکستان کے ساتھ سیریز اور دورے کی منسوخی پر انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈز معروف غیر ملکی کالم نگاروں کے نشانے پر آگئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے کالمسٹس نے پاکستان کا دورہ منسوخ کرنے پر اپنے ہی ممالک کے کرکٹ بورڈز کو کھری کھری سنا ڈالیں ۔ کرکٹ کے کالم نگاروں کا کہنا ہے کہ پاکستان صحیح ہے، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ نے اس کے ساتھ غلط کیا، کالم نگاروں نے اپنے اپنے کرکٹ بورڈز کی جانب سے اختیار کیے جانے والے دوہرے معیار کو بھی نشانہ بنایا۔

کرکٹ کی معروف ویب سائٹ کرک انفو پر کالم نگار جارج ڈوبیل نے لکھا کہ ’انگلش کرکٹ بورڈ منافقت اور دوہرے معیار سے تیزی سے اپنے دوستوں کو کھو سکتا ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے لکھا کہ 2017ء میں چیمپئنز ٹرافی شروع ہونے کے فوری بعد برطانیہ میں ٹرک سے عام لوگوں کو جان بوجھ کر کچلنے کا واقعہ پیش آیا لیکن پاکستان اور بھارت کا میچ شیڈول کے مطابق ہوا، کوئی ٹیم واپس نہیں گئی اور ایونٹ مکمل ہوا۔

جارج ڈوبیل نے لکھا کہ اگر زندگی لیسٹر اور لندن میں ضروری ہے تو لاہور اور لاڑکانہ میں بھی اتنی ہی اہم ہے‘۔
ادھر نیوزی لینڈ کے معروف کالمنسٹ مارک ریزن نے بھی کیوی بورڈ کو آڑے ہاتھوں لیا، انھوں نے لکھا کہ ’کیوی بورڈ نے اچھے بھلے دورے کا بیڑا غرق کر دیا، پاکستان کا غصہ جائز ہے۔ انھوں نے مزید لکھا تمام معاملے میں غلطی ڈیوڈ وائٹ کی ہے، پاکستانی وزیراعظم یقین دہانیوں کو رد کرنے پر خوش نہیں ہوں گے، عمران خان نے کیوی ہم منصب سے بات کرکے کوئی غلطی نہیں کی، یہ عالمی سطح پر ہونے والا ایک واقعہ ہے‘۔
وقت اشاعت : 21/09/2021 - 16:53:12

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :