کامرہ کینٹ‘ ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام پرچم کشائی کی مرکزی تقریب کل ہو گی

بدھ 13 اگست 2014 12:55

کامرہ کینٹ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13اگست۔2014ء) پاکستان مسلم لیگ نواز کی سرپرستی اور ضلعی انتظامیہ اٹک کے زیر اہتمام تقریبات آزادی کے سلسلے میں14اگست بروز جمعرات پرچم کشائی کی مرکزی تقریب ضلع کونسل ہال میں صبح نو بجے منعقد ہوگی تقریب کے مہمان خصوصی وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد ہونگے۔ بعدا زاں دارلامان، یتیم خانہ ، ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال ، سویٹ ہوم اور ڈسٹرکٹ جیل اٹک میں مٹھائی تقسیم کی جائے گی۔

شام پانچ بجے قومی پرچم والے موٹر سائیکلوں کی ایک ریلی بھی نکالی جائے گی۔دن دس بجے تا شام آٹھ بجے تک ضلع کونسل سٹیڈیم میں ہارس اینڈ کیٹل شو منعقد کیا جائے گا ۔ شام پانچ بجے ضلع کونسل سٹیڈیم میں بیلوں کی ریس منعقد کی جائے گی ۔رات نوبجے دکانوں کی آرائش و زیبائش کا مقابلہ منعقد کیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

رات نو بجے ہاکی سٹیڈیم میں آتش بازی ہوگی وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد تمام تقاریب کے مہمان خصوصی ہونگے۔

تحصیل سطح پر تحصیل حضرو میں صبح نو بجے جناح کرکٹ سٹیڈیم حضرو میں پرچم کشائی کی جائے گی ،دس بجے عوام اور طلباء کی جانب سے آزادی مارچ کیا جائے گا۔ موٹر سائیکل اور رکشہ ریلی نکالی جائے گی۔ شام پانچ بجے دکانوں، پلازوں ، موٹر سائیکلوں ، رکشاوٴں کی آرائش کے مقابلے ہوں گے اور ان میں انعامات تقسیم کیے جائیں گے۔ رات نو بجے ٹی ایم اے ہال حضرو میں میو زیکل نائیٹ منعقد کی جائے گی ملک انصار ، محمد رفیق، عطاء الرحمان اس موقع پر مہمان خصوصی ہونگے۔

تحصیل حسن ابدال میں پرچم کشائی کی تقریب صبح آٹھ بج کر اٹھاون منٹ پر منعقد ہوگی۔ بعدازاں اتھلیٹکس اور مختلف کھیلوں کے مقابلے منعقد کیے جائیں گے ۔شیخ آفتاب احمد ایم این اے، ملک آصف علی ایڈووکیٹ ، محمد شاویز خان ایم پی اے اور مس فریحہ تحسین اس موقع پر مہمان خصوصی ہونگی۔شام چار بجے فوجی مل سٹاپ پر پتھر اٹھانے کا مقابلہ منعقد ہوگا، رات آٹھ بجے کلچرل میوزیکل شو منعقد کیا جائے گااس موقع پر مہمان خصوصی اسد زمان خان طاہر خیلی اور عابد شہزاد ہونگے۔

تحصیل فتح جنگ میں ٹی ایم اے گراوٴنڈ میں صبح آٹھ بجے پرچم کشائی کی جائے گی آصف علی ملک ایڈووکیٹ پرچم کشائی کریں گے۔دن دس بجے کوہاٹ پنڈی روڈ پر رکشہ ریلی منعقد کی جائے گی ذوالفقار بلوچ اس موقع پر مہمان خصوصی ہونگے۔ دن ایک بجے عمارتوں اور گاڑیوں کی آرائش کا مقابلہ منعقد کیا جائے گا ۔ ملک ریاست علی خان اس موقع پر مہمان خصوصی ہونگے۔شام چار بجے ڈھوکری روڈ فتح جنگ میں کبڈی میچ کھیلا جائے گا محمد شاویز خان اس میچ کے مہمان خصوصی ہونگے۔

شام پانچ بجے میلہ مویشیاں منعقد کیا جائے گا آصف علی ایڈووکیٹ اس کے مہمان خصوصی ہونگے۔ رات آٹھ بجے ہائی سکول نمبر ایک کے گراوٴنڈ میں میوزیکل نائٹ منائی جائے گیا ۔رات دس بجے سٹیڈیم گراوٴنڈ میں آتش بازی کی جائے گیا۔ملک ریاست علی اس موقع پر مہمان خصوصی ہونگے۔تحصیل پنڈی گھیب میں پرچم کشائی کی تقریب آٹھ بجے منعقد کی جائے گی۔ موٹر سائیکل اور رکشہ ریلیاں منعقد کی جائیں گی اور ان میں انعامات تقسیم کیے جائیں گے۔

حاجی محمد سلطان اس موقع پر مہمان خصوصی ہونگے۔تحصیل جنڈ میں ٹی ایم اے آفس میں صبح آٹھ بجے پرچم کشائی کی جائے گی۔ ایم پی اے ملک ظفر اقبال پرچم کشائی کریں گے۔ رنگلی تا ٹی ایم اے آفس تک موٹر سائیکل ریلی منعقد کی جائے گی۔ بعد ازاں دن دو بجے بیلوں کی دوڑ آرمی گراوٴنڈ جنڈ میں منعقد کی جائے گی۔ ملک اعتبار خان ایم این اے اس موقع پر مہمان خصوصی ہونگے۔ الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کے اراکین کو اس موقع پر شرکت کی دعوت دی جاتی ہے۔

وقت اشاعت : 13/08/2014 - 12:55:48