اپنی ذات نہیں ملک کیلئے کرکٹ کھیلیں، وزیراعظم کی کھلاڑیوں کو نصحیت

نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے دورہ منسوخی کا جواب بہترین پرفارمنس سے دیں، پاکستان میں بہت جلد انٹرنیشنل کرکٹ بحال ہوگی: وزیراعظم عمران خان کی قومی کرکٹرز سے گفتگو

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 22 ستمبر 2021 19:13

اپنی ذات نہیں ملک کیلئے کرکٹ کھیلیں، وزیراعظم کی کھلاڑیوں کو نصحیت
اسلام آباد (اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 22 ستمبر 2021ء ) وزیراعظم عمران خان نے قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کو بے خوف ہوکر ورلڈ کپ کھیلنے کا مشورہ دیا، وزیراعظم نے کہا کہ تمام کھلاڑی اپنی کارکردگی بہتر بنانے پر توجہ دیں، پاکستان میں بہت جلد انٹرنیشنل کرکٹ ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے ملاقات کی، ملاقات میں پاکستان میں ڈومیسٹک کرکٹ سمیت کرکٹ کے امور پر بات چیت ہوئی، وزیراعظم عمران خان نے قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کو بے خوف ہوکر ورلڈ کپ کھیلنے کا مشورہ دیا، وزیراعظم عمران خان نے کھلاڑیوں کو ٹی 20 ورلڈکپ سے متعلق بھی ٹپس دیں۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ تمام کھلاڑی اپنی کارکردگی بہتر بنانے پر توجہ دیں، پاکستان میں بہت جلد انٹرنیشنل کرکٹ بحال ہوگی، موجودہ حالات میں بہترین پرفارمنس سے جواب دینا ضروری ہے، پاکستان کھیلوں کیلئے محفوظ ملک ہے۔

(جاری ہے)

ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر فیصل جاوید نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان نے ٹیم کا بہت جذبہ بڑھایا، عمران خان نے  ٹیم سے کہا کہ آپ میں صلاحیت ہے،  وزیراعظم عمران خان نے ٹیم سے کہا کہ پیسے کا لالچ نہیں کرنا ،ضمیر کا سودا نہیں کرنا، وزیراعظم نے ٹیم سے کہا کہ نہ ڈرنا ہے اور نہ گھبرانا ہے، پاکستان میں سکیورٹی کا کوئی مسئلہ نہیں ہے، ہماری انٹیلی جنس ایجنسی  دنیا کی ٹاپ ایجنسی ہے، میرٹ پر فیصلے کیے جائیں تو بہترین ٹیم سامنے آتی ہے۔

معاون خصوصی شہباز گل نے کہا کہ وزیراعظم نے کرکٹ ٹیم سے کہا کہ پوری قوم آپ کے ساتھ کھڑی ہے،وزیراعظم نے ٹیم سے کہا کہ اپنی پوری کارکردگی دکھائیں، پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین بہت سمجھ بوجھ رکھتے ہیں، پی سی بی میں بہت سی اسٹرکچر تبدیلیاں بھی ہوں گی۔

وقت اشاعت : 22/09/2021 - 19:13:01

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :