عثمان خواجہ نے نیوزی لینڈ، انگلش بورڈ کے دوہرے میعار پر سوالات اٹھا دیئے

پاکستان جانے سے سب انکار کررہے ہیں، بھارت کو نا کہنے کی کسی میں ہمت نہیں ہوتی: کینگرو بلے باز

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 23 ستمبر 2021 16:14

عثمان خواجہ نے نیوزی لینڈ، انگلش بورڈ کے دوہرے میعار پر سوالات اٹھا دیئے
سڈنی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 23 ستمبر 2021ء ) آسٹریلوی بلے باز عثمان خواجہ نے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کی جانب سے پاکستان کے دورے منسوخ کرنا انتہائی مایوس کن ہے۔ ایک انٹرویو میں عثمان خواجہ نے پاکستان کرکٹ کے پلڑے میں اپنا وزن ڈالتے ہوئے کہا کہ اگر بھارتی کرکٹ بورڈ اسی صورتحال سے گزر رہا ہوتا تو کسی میں اسے نا کہنے کی جرات تک نہ ہوتی ۔

عثمان خواجہ نے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ کھلاڑیوں اور پلیئرز ایسوسی ایشنز کے لیے پاکستان کو نہ کہنا بہت آسان ہے کیونکہ یہ پاکستان ہے، میرے خیال میں اگر یہ بنگلہ دیش ہوتا تب بھی یہی بات لاگو ہوتی لیکن کوئی بھی ہندوستان کو نا کبھی نہیں کہے گا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم سب جانتے ہیں کہ پیسے بولتا ہے اور یہ شاید اس کا ایک بڑا حصہ ہے۔

(جاری ہے)

عثمان خواجہ نے ایشز سیریز کے بعد اگلے سال آسٹریلیا کے دورہ پاکستان کی بھی حمایت کی ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے ٹورنامنٹس کے ذریعے بار بار یہ ثابت کررہا ہے کہ وہ کرکٹ کھیلنے کے لیے ایک محفوظ جگہ ہیں ،میرے خیال میں کوئی وجہ نہیں ہے کہ ہمیں واپس کیوں نہیں جانا چاہیے۔ رواں سال پاکستان سپر لیگ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کرنے والے عثمان خواجہ نے پاکستان میں سکیورٹی انتظامات کی بھی تعریف کی۔ عثمان خواجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں بہت بہترین سکیورٹی ملتی ہے، میں نے لوگوں سے وہاں خود کو محفوظ سمجھنے کے علاوہ اور کچھ نہیں سنا ہے، یہاں تک کہ پی ایس ایل کے دوران لڑکوں سے بات کرتے ہوئے پوچھا کہ یہاں حالات کیسے ہیں تو انہوں نے بھی کہا کہ شاید 10 سال پہلے حالات ایسے نہیں تھے لیکن اب پاکستان کرکٹ کے لیے مکمل محفوظ ہے۔
وقت اشاعت : 23/09/2021 - 16:14:08

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :