عمان : عالمی معیار کی پچ کیلئے بھارتی ماہرین بھی پاکستانی مٹی استعمال کرنے پر مجبور

فیلڈ کا درمیانی حصہ پاکستانی کلے سے تیار کیا گیا ہے: آرکیٹیکٹ ڈیزائن کنسلٹنٹ دامودر کاٹی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 24 ستمبر 2021 15:39

عمان : عالمی معیار کی پچ کیلئے بھارتی ماہرین بھی پاکستانی مٹی استعمال کرنے پر مجبور
مسقط (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 24 ستمبر 2021ء ) بھارتی ماہرین بھی انٹرنیشنل معیار کی پچ کے لیے پاکستانی کلے استعمال کرنے پر مجبور ہوگئے،مختصر طرزکے میگا ایونٹ کا ابتدائی راؤنڈ 17 اکتوبر کو شروع ہوگا، 6 میچز کی میزبانی 3 روز میں عمان کے شہر مسقط کے الامارات سٹیڈیم میں کرنا ہے جس کا انتخاب بھارت نے کیا، سٹیڈیم کو انٹرنیشنل معیار کا بنانے کے لیے کام کرنیوالے بھی بھارتی ماہرین ہیں۔

نجی ٹی وی کے مطابق فیلڈ کا درمیانی حصہ پاکستانی کلے سے تیار کیا گیا ہے، یہ زیادہ پرانی بات نہیں ہے جب اس گراؤنڈ میں کرکٹ ایک سیمنٹ پچ پر کھیلی جاتی اور اردگرد ریت تھی، مگر میگا ایونٹ کے میچز کی میزبانی کے لیے اس گراؤنڈ کو انٹرنیشنل معیار میں ڈھالا گیا۔ اس منصوبے پر کام کرنے والے آرکیٹیکٹ ڈیزائن کنسلٹنٹ دامودر کاٹی نے کہا کہ جب ہم نے یہاں پر قدم رکھا تو یہ جگہ کسی کلب ہاؤس کا منظر پیش کررہی تھی، ہم نے تزئین و آرائش کے لیے ماسٹر پلان تیار کر کے آئی سی سی کے سامنے پیش کیا۔

(جاری ہے)

اس کا کہنا تھا کہ عمل درآمد سے 80 فیصد ضروریات پوری ہوجائیں گی، باقی 20 فیصد کیلئے کچھ چھوٹی سی تبدیلیوں کی ضرورت تھی، ہمارے لیے فکرمندی کی بات وقت کا بہت کم ہونا تھی، منصوبے پر برق رفتاری سے کام شروع ہوا، اس کے لیے 5 ماہ درکار تھے مگر ہم نے 11 ہفتوں میں کردکھایا، اب میگا ایونٹ کی پہلی گیند میں ابھی 3 ہفتوں سے زائد وقت ہے ہمارا 75 فیصد کام مکمل ہوچکا۔ کاٹی کے ساتھ اس منصوبے پر کام کرنے والے روپک ادیشی کا تعلق بھی بھارت سے ہی ہے۔ واضح رہے کہ سٹیڈیم میں جدید طرز کی فلڈ لائٹس نصب کردی گئی ہیں، گھاس لگائی گئی ہے، عارضی سٹینڈز سے تماشائیوں کی گنجائش 4 ہزار تک کردی جائے گی۔
وقت اشاعت : 24/09/2021 - 15:39:56

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :