انگلش کرکٹ بورڈ کو اپنی بزدلانہ خاموشی توڑنی ہوگی: مائیکل ایتھرٹن

انگلش کرکٹ کی مدد کرنیوالے پاکستانی کرکٹرز،پی سی بی حکام ، سپورٹرز اس سے بہتر سلوک کے مستحق ہیں: سابق برطانوی کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 25 ستمبر 2021 13:38

انگلش کرکٹ بورڈ کو اپنی بزدلانہ خاموشی توڑنی ہوگی: مائیکل ایتھرٹن
لندن (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 25 ستمبر 2021ء ) انگلینڈ کے سابق کرکٹر اور کمنٹیٹر مائیکل ایتھرٹن نے کہا ہے کہ دورہ پاکستان منسوخ کرنے پر انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کی خاموشی خوفناک ہے۔ دی ٹائمز کے اپنے کالم میں مائیکل ایتھرٹن نے انگلش کرکٹ بورڈ کے چیئرمین ایان واٹمور کو سنجیدہ ردعمل نہ دینے پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ مائیکل ایتھرٹن کا کہنا تھا کہ انگلش کرکٹ بورڈ یہ فرض کرتا ہے وہ ایک انتہائی کمزور بیان دے کر اس کے پیچھے چھپ سکتا ہے، پاکستانی کرکٹرز جنہوں نے گذشتہ موسم گرما میں یہاں بائیو سیکور ببل میں 2 ماہ گزارے تاکہ انگلش کرکٹ کو مالی تباہی سے بچایا جا سکے ، پاکستان کرکٹ حکام جنہوں نے کرکٹ کو ملک میں واپس لانے کے لیے بہت کچھ کیا اور سپورٹرز اس سے بہتر سلوک کے مستحق ہیں، پاکستان کرکٹ بھی اس سے بہتر کی مستحق ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بالخصوص پاکستان کی جلاوطنی میں کرکٹ کھیلنے کی حالیہ تاریخ کو دیکھتے ہوئے دورے سے پیھے ہٹنا سنجیدہ بات ہے اور اس پر رد عمل بھی سنجیدہ آنا چاہیئے تھا۔ انہوں نے کہا کہ ای سی بی چاہتا ہے کہ کہانی غائب ہو جائے لیکن صرف ایک چیز جو غائب ہوئی ہے وہ اس کا چیئرمین ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ منسوخی کے اعلان کے بعد سے واٹمور 5 دن سے خاموش ہے حالانکہ کے پاکستان کا منسوخ کردہ دورہ بھی صرف 4 دن کا تھا۔

مائیکل ایتھرٹن نے یہ بھی کہا کہ دورہ انگلینڈ سے قبل انگلش پلیئر پارٹنرشپ (ٹی ای پی پی) کا کھلاڑیوں سے مشورہ نہ لینے کا بیان پاکستانی شائقین کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے۔ پاکستان اور انگلینڈ میں کرکٹ کے حامی جاننے کے مستحق ہیں کہ دورے کو کیوں منسوخ کیا گیا؟ ۔
واضح رہے کہ انگلینڈ نے اپنی مرد اور خواتین کی ٹیموں کا اگلے ماہ شیڈول دورہ پاکستان منسوخ کردیا ہے تاکہ سکواڈ کو جسمانی اور ذہنی ٹینشن سے بچایا جاسکے۔ انگلینڈ کی ٹیم نے 13 اور 14 اکتوبر کو راولپنڈی میں 2 ٹونٹی 20 بین الاقوامی میچ کھیلنے تھے جب کہ خواتین کی ٹیم نے 17 سے 21 اکتوبر تک تین میچوں کی ایک روزہ بین الاقوامی سیریز کھیلنی تھی ۔
وقت اشاعت : 25/09/2021 - 13:38:03

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :