سندھ وومین کپ انٹر سٹی سپر لیگ چیمپیئن شپ میں ایس ایم ایس ویمن کرکٹ کلب کراچی اور ایم حسین وومین کرکٹ کلب کراچی نے فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا

منگل 28 ستمبر 2021 22:59

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 ستمبر2021ء) سندھ وومین کپ انٹر سٹی سپر لیگ چیمپیئن شپ میں ایس ایم ایس ویمن کرکٹ کلب کراچی اور ایم حسین وومین کرکٹ کلب کراچی نے فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا، ایم حسین وومین کرکٹ کلب کی عریبہ حنیف نے چیمپیئن شپ کی دوسری سینچری اسکور کی۔

(جاری ہے)

سندھ کرکٹ ایسوسی ایشن کے تحت نیاز اسٹیڈیم پر کھیلی جانے والی چیمپئن شپ کے پہلے میچ میں ایس ایم ایس وومن کرکٹ کلب کراچی نے ویمن کرکٹ گرومرز اکیڈمی حیدرآباد کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 06 رنز سے شکست دے کر آخری معرکہ میں جگہ بنائی، ایس ایم ایس کلب کی تجربہ کار بیٹر گرومرز اکیڈمی کی بائولرز ایمان حیدر اور ماہ گل کی نپی تلی باؤلنگ کی سامنا نہ کرسکی اور پوری ٹیم 14.2 اوورز میں 74 رنز پر ڈھیر ہوگئی، حورینا سجاد 22 اور انٹرنیشنل کھلاڑی حفصہ خالد 18 رنز کے ساتھ نمایاں رہی، گرومرز کی ایمان حیدر نے 18 رنز دے کر چار اور ماہ گل نے 14 رنز دے کر تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جواب میں گرومرز اکیڈمی کی بیٹرز ناقص منصوبہ بندی کے باعث پاور پلے کا فائدہ نہ اٹھا سکی اور پاور پلے کے چھ اوورز میں صرف اٹھارہ رنز بنائے جس کا خمیازہ انہیں شکست کی صورت میں بھگتنا پڑا اور پوری ٹیم 19.2 اوورز میں 68 رنز پر ڈھیر ہوگئی، عیشاء راہوپوٹو 19 اور ماہم منظور آٹھ رنز کے ساتھ نمایاں رہی، حفصہ خالد نے 14 رنز دے کر تین، سندس نے 14 رنز دے کر دو اور سونیا نے 11 رنز کے عوض دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، انٹرنیشنل کھلاڑی حفصہ خالد کو آل راؤنڈ پرفارمنس پر مہمان خصوصی حیدرآباد پریس کلب کے صدر عبد اللہ شیخ نے پلئیر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا تاہم انھوں نے اسپورٹس مین اسپرٹ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنا ایوارڈ چار وکٹیں حاصل کرنے والی گرومرز اکیڈمی کی ایمان حیدر کو دے دیا، کھیلے گئے دوسرے سیمی فائنل میں ایم حسین وومین کرکٹ کلب کراچی نے اے آر وومین کرکٹ اکیڈمی حیدرآباد کو یکطرفہ مقابلہ کے بعد 106 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا، ایم حسین کلب نے پہلے کھیلتے ہوئے اوپنر عریبہ حنیف کی تین ہندسوں کی اننگ کی بدولت مقررہ 20 اورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 181رنز بنائے، اریبہ حسیب نے 15 چوکوں کی بدولت 105 رنز بناتے ہوئے ناقابل شکست رہی، انوشا ناصر 26 رنز کے ساتھ دوسری نمایاں بیٹر رہی، ناکام سائیڈ کی جانب سے نائلہ فرحت نے 36 رنز کے عوض تین جبکہ شاہانہ وصی نے 21رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی جواب میں اے آر وومین کرکٹ اکیڈمی 20 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 75 رنز ہی بنا سکی، نائلہ فرحت 29 رنز کے ساتھ نمایاں رہی، فاتح ٹیم کی جانب سے بسمہ امجد نے 12 رنز اور خضرا لیاقت نے 14 کے عوض ایک، ایک وکٹ حاصل کی،کوارڈینیٹر سندھ اسپورٹس بورڈ ارشاد علی مخدوم اور اسپورٹس آرگنائزر ریحان خانزادہ نے فاتح ٹیم کی عریبہ حنیف کو پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا۔

وقت اشاعت : 28/09/2021 - 22:59:40

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :