نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کے کامیاب کھلاڑی سلیکٹرز کا منہ دیکھتے رہ گئے

شعیب ملک، عامر یامین اور صاحبزادہ فرحان نظرانداز، اعظم خان کے اخراج پر مدثر نذر کا محمد وسیم سے مستعفی ہونے کا مطالبہ

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 9 اکتوبر 2021 13:46

نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کے کامیاب کھلاڑی سلیکٹرز کا منہ دیکھتے رہ گئے
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 9 اکتوبر 2021ء ) نیشنل ٹی ٹونٹی کپ میں کارکردگی کی بنیاد پر قومی ورلڈ کپ سکواڈ میں ہونے والی متوقع تبدیلیوں پر لگائے جانے والے اندازے غلط ثابت ہوئے جب مختصر فارمیٹ کے متعدد کامیاب کھلاڑی سلیکٹرز کا منہ دیکھتے رہ گئے جو ڈومیسٹک ایونٹ میں عمدہ کھیل پیش کر رہے تھے ۔ قومی ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ کے حالیہ میچوں میں صاحبزادہ فرحان، شعیب ملک اور عامر یامین نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا مگر توقعات کے برخلاف سلیکٹرز کی کال کا انتظار کرتے رہ گئے جن کو اب کسی انجری یا غیر معمولی حالات میں ہی طلب کیا جا سکتا ہے ۔

کئی حالیہ اور سابق کھلاڑیوں نے قومی ٹیم میں تبدیلیوں پر کڑی تنقید کی ہے لیکن پی سی بی کے سابق ڈائریکٹر آف اکیڈمیز مدثر نذر نے اعظم خان کے ساتھ ہونے والے سلوک پر چیف سلیکٹر محمد وسیم سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ چیف سلیکٹر نے اعظم خان کو مذاق بنا کر رکھ دیا کیونکہ اب اسے ڈراپ کرنے کا صاف مطلب یہی ہے کہ پہلے اس کا انتخاب غلط تھا۔

(جاری ہے)

سابق فاسٹ بائولر شعیب اختر نے سکواڈ میں شعیب ملک کی عدم موجودگی کو بدقسمتی سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ انہیں موقع ملنا چاہئے تھا لیکن مجموعی طور پر وہ ٹیم میں ہونے والی تبدیلیوں پر خوش ہین کیونکہ اب یہ ٹیم پہلے کے مقابلے میں زیادہ مکمل محسوس ہو رہی ہے ۔
وقت اشاعت : 09/10/2021 - 13:46:27

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :