فخر زمان اور شرجیل خان کو قومی ٹیم کیلئے اوپننگ کرنی چاہیئے: شاہد آفریدی

نہیں جانتا کہ کس نے فخر کو5 یا 6 نمبر پر بیٹنگ کا کہا ہے ، ہماری ٹیم کو ان جیسے اوپنر کی ضرورت ہے جو پہلے 6 اوورز میں زیادہ سے زیادہ رنز بنا سکے: سابق کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 11 اکتوبر 2021 16:08

فخر زمان اور شرجیل خان کو قومی ٹیم کیلئے اوپننگ کرنی چاہیئے: شاہد آفریدی
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 11 اکتوبر 2021ء ) پاکستان کے سابق آل راؤنڈر شاہد آفریدی کا خیال ہے کہ فخر زمان اور شرجیل خان کو ٹی ٹونٹی کرکٹ میں پاکستان کے لیے اوپننگ کرنی چاہیئے۔ اپنے آفیشل یوٹیوب چینل پر لائیو سیشن میں بات کرتے ہوئے آفریدی نے کہا کہ فخر اور شرجیل پہلے پاور پلے کے اندر کھیل جیتنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ شاہد آفریدی نے کہا کہ ہر ایک کی اپنی رائے ہے لیکن میں سمجھتا ہوں کہ فخر زمان اور شرجیل خان کو ٹی 20 کرکٹ میں پاکستان کے لیے اننگ کا آغاز کرنا چاہیئے، اگر ان میں سے ایک بھی چل جاتا ہے تو ہم پہلے 6 اوورز میں اپنی پوزیشن مضبوط کرلیں گے۔

واضح رہے کہ فخر زمان پاکستان کے ٹی 20 ورلڈ کپ سکواڈ کا حصہ ہیں لیکن شرجیل خان کو میگا ایونٹ کے لیے منتخب نہیں کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

44 سالہ شاہد آفریدی بھی فخر زمان کے بلے بازی سے متاثر نہیں ہیں۔ موجودہ اوپنرز بابراعظم اور محمد رضوان کی شاندار کارکردگی کے بعد بائیں ہاتھ کے کھلاڑی کو مڈل آرڈر میں بیٹنگ کا رول دیا گیا ہے۔ شاہد آفریدی نے کہا کہ میں فخر زمان کی بیٹنگ پوزیشن سے خوش نہیں ہوں، میں نہیں جانتا کہ کس نے اسے 5 یا 6 نمبر پر بیٹنگ کرنے کو کہا ہے کیونکہ وہ اپنے کیریئر میں اوپنر کی حیثیت سے کھیلے ہیں، ہماری ٹیم کو ان جیسے اوپنر کی ضرورت ہے جو پہلے چھ اوورز میں زیادہ سے زیادہ رنز بنا سکے۔

قومی ٹیم کے سابق کپتان نے حال ہی میں پاکستان کی ٹی 20 ورلڈ کپ سکواڈ سے باہر کیے جانے والے نوجوان ہارڈ ہٹر اعظم خان پر زور دیا کہ وہ بیٹنگ اور فٹنس پر کام کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ اعظم خان کو فی الحال قومی ٹیم کا حصہ نہیں بننا چاہیئے کیوں کہ ان کے پاس مطلوبہ فارم اور فٹنس نہیں ہے، انہیں ابھی فارم اور بالخصوص فٹنس پر سخت محنت کرنے کی ضرورت ہے۔
وقت اشاعت : 11/10/2021 - 16:08:14

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :