پاکستان کیلئے میڈلز جیتنے والے کیوئسٹ بابر مسیح کرائے کے مکان میں رہنے پر مجبور

ہمیں رکشے سے سفر کرنا پڑتا ہے جبکہ دیگر ممالک سے تعلق رکھنے والے حریف کھلاڑی لگژری کاروں میں گھومتے ہیں: پاکستانی کیوئسٹ

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 12 اکتوبر 2021 14:43

پاکستان کیلئے میڈلز جیتنے والے کیوئسٹ بابر مسیح کرائے کے مکان میں رہنے پر مجبور
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 12 اکتوبر 2021ء ) پاکستان کے ٹاپ سنوکر کھلاڑی بابر مسیح نے ملک کے ٹاپ قومی کھلاڑیوں کی تشویشناک حالت زار بیان کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ انہیں پاکستان کے لیے تمغے جیتنے کے باوجود حکومت کی طرف سے کوئی مالی امداد نہیں ملی ہے۔ بابر مسیح نے مزید انکشاف کیا کہ وہ اب بھی اپنے گھر کے مالک نہیں ہیں اور انہیں رکشے سے سفر کرنا پڑتا ہے جبکہ دیگر ممالک سے تعلق رکھنے والے ان کے حریف کھلاڑی لگژری کاروں میں گھومتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان کی کمائی کا واحد ذریعہ چیمپئن شپ سے انعامی رقم جیتنا ہے۔ بابر مسیح نے بتایا کہ بہت سارے تمغے جیتنے کے بعد بھی ہمارے اپنے ملک میں ہماری کوئی شناخت نہیں ہے، سٹیک ہولڈرز کی طرف سے بھی ہمیں کوئی مالی مدد نہیں ملی ہے۔

(جاری ہے)

بابر مسیح نے حال ہی میں آئی بی ایس ایف 6 ریڈ ورلڈ کپ میں چاندی کا تمغہ جیتا ، فائنل میں انہیں بھارت کے پنکج ایڈوانی کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی ۔

انہوں نے مزید انکشاف کیا کہ ان کے مدمقابل پنکج کو حکومت کی جانب سے لاکھوں روپے دیئے گئے ہیں اور وہ پوری دنیا میں مشہور ہیں جبکہ پاکستانی سنوکر کھلاڑیوں کو اپنی روز مرہ زندگی میں بھی جدوجہد کرنا پڑتی ہے۔ بابر مسیح نے بتایا کہ پنکج ایڈوانی نے 40 سے 50 کروڑ کمائے ہیں اور میں ان کے لیول کی وضاحت بھی نہیں کر سکتا، ہماری لیول اتنا نیچے ہے کہ ہم اب بھی رکشوں پر سفر کرتے ہیں ، کرائے کے مکان میں رہتے ہیں جب کہ وہ لگژری کاروں میں گھومتے ہیں۔
وقت اشاعت : 12/10/2021 - 14:43:04

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :