نیشنل ٹی ٹونٹی میں اپنا لوہا منوانے والے افتخار احمد تاحال قومی ٹیم سے دور

اب تک کھیلے گئے 11 میچوں میں افتخار احمد نے 91 کی اوسط سے 364 رنز بنائے ہیں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 13 اکتوبر 2021 14:26

نیشنل ٹی ٹونٹی میں اپنا لوہا منوانے والے افتخار احمد تاحال قومی ٹیم سے دور
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 13 اکتوبر 2021ء ) خیبر پختونخوا کے کپتان افتخار احمد قومی ٹی 20 کپ 2021ء میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں ۔ اب تک کھیلے گئے 11 میچوں میں افتخار احمد نے 91 کی اوسط سے 364 رنز بنائے ہیں جن میں 3 ففٹیز اور 4 مرتبہ 30 پلس ​سکورز کی کارکردگی شامل ہے ۔ نیشنل ٹی ٹونٹی میں زیادہ رنز بنانے والوں کی اس فہرست میں ان سے آگے صرف ان کے ساتھی صاحبزادہ فرحان (421) اور سندھ کے شرجیل خان (371) ہیں ۔

افتخار احمد نے ایونٹ میں اچھی بولنگ بھی کی ہے ،انہوں نے اب تک 5 اننگز میں 4 وکٹیں بھی حاصل کی ہیں۔ ان کی موجودہ فارم کو دیکھتے ہوئے یہ کہنا بے جا نہیں ہوگا کہ افتخار احمد کو اگر 15 کے سکواڈ میں نہیں تو کم از کم ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے پاکستان کی 18 رکنی ٹیم میں ہونا چاہیے تھا۔

(جاری ہے)

ہنر مند بلے باز، چالاک گیند باز اور ایک اچھا فیلڈر ہونے کے باعث افتخار احمد یو اے ای کی کنڈیشنز میں قومی ٹیم کے لیے ایک اچھا پیکج بن سکتے تھے کیوں کہ وہ سپن بائولنگ کو بہت اچھا کھیلتے ہیں اور کفایتی بائولنگ بھی کرسکتے ہیں ۔

خوشدل شاہ کی موجودہ فارم کو مدنظر رکھتے ہوئے افتخار احمد باآسانی ان کی جگہ قومی سکواڈ میں جگہ بنا سکتے تھے۔ بائیں ہاتھ کے بلے باز نے جنوبی پنجاب کے لیے کھیلے گئے 8 میچوں میں 24.71 کی اوسط سے 206 رنز بنائے۔ افتخار ایک بہتر انتخاب ہو سکتا تھا کیونکہ وہ شاداب خان ، محمد نواز اور عماد وسیم جیسے سپن آل رائونڈرز میں سے کسی ایک کی غیر موجودگی میں ضرورت کے مطابق متبادل کھلاڑی بن سکتا تھا۔  
وقت اشاعت : 13/10/2021 - 14:26:01

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :