خیبرپختونخوا سکواش ایسوسی ایشن نے گزشتہ پانچ سالوں میں ریکارڈ مقابلے منعقد کرائے ،قمرزمان

ہفتہ 16 اکتوبر 2021 21:41

خیبرپختونخوا سکواش ایسوسی ایشن نے گزشتہ پانچ سالوں میں ریکارڈ مقابلے منعقد کرائے ،قمرزمان
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2021ء) خیبرپختونخوا سکواش ایسوسی ایشن نے گزشتہ پانچ برس میں سب سے زیادہ مقابلے کرانے کا نیا ریکارڈ قائم کیا ہے پاکستان سکواش فیڈریشن گزشتہ کئی برس سے خیبرپختونخوا سکواش ایسوسی ایشن کو ٹرافیوں سے نواز رہی ہے اور رواں برس بھی پاکستان سکواش فیڈریشن نے صوبائی سکواش ایسوسی ایشن کو خصوصی ٹرافی سے نوازا اس سلسلے میں پاکستان سکواش فیڈریشن کے نائب صدر اور خیبرپختونخوا سکواش ایسوسی ایشن کے صدر قمرزمان نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ پانچ برس سے ہم نے ریکارڈ مقابلوں کا انعقاد کرایا جس کا پاکستان سکواش فیڈریشن ‘سپورٹس بورڈ اور دیگر تمام کھیلوں کی ایسوسی ایشنز نے اعتراف کیا اور کارکردگی کو سراہا ‘انہوں نے کہا کہ کورونا کے حالات میں بھی ہم نے سپورٹس بورڈ کے تعاون سے ایس او پیز کے تحت سکواش کھلاڑیوں کے ٹریننگ کیمپس کے ساتھ مقابلوں کا سلسلہ بھی جاری رکھا اور تمام کھلاڑیوں اور آفیشلز کو کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی بنایا‘انہوں نے کہا کہ صوبائی سکواش ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل احسان اللہ خان ‘سینئر نائب صدر و سیکرٹری ہائر ایجوکیشن دائود خان ‘ایگزیکٹو ممبران سجاد خان ‘بہادر خان‘جائنٹ سیکرٹری و چیف آرگنائرز و چیف کوچ و ریفری منور زمان سمیت پوری ٹیم بھرپور محنت کررہی ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں اور ہمیں اچھے بوائز و گرلز کھلاڑی مل رہی ہیں جو پاکستان کا مستقبل ہیں انہوں نے کہا کہ جونیئر کھلاڑیوں پر بھرپور توجہ دی جارہی ہے ‘انہوں نے کہا کہ سکواش کی دنیا پر پاکستان کے چیمئنز نے 37 سال تک راج کیا اور امید ہے کہ حکومت اپنی بھرپور سپورٹ جاری رکھے گی انہوں نے سکواش کے فروغ و ترقی میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان ‘گورنر شاہ فرمان ‘سیکرٹری سپورٹس عابد مجید ‘ڈی جی سپورٹس اسفندیار خا خٹک کو خراج تحسین پیش کیا جن کی کاوشوں سے صوبہ بھر میں سکواش کورٹس تعمیر کئے جارہے ہیں جس سے کھلاڑیوں کو آگے آنے کے مواقع ملیں گے ایک سوال کے جواب میں قمرزمان نے اعلان کیا کہ ہاکی لیگ کی طرح وہ جلد ہی سکواش لیگ بھی منعقد کرائیں گے اس سلسلے میں وزیراعلیٰ محمود خان ‘سیکرٹری سپورٹس اور ڈی جی سپورٹس سے جلد ہی رابطے کئے جائیں گے انہوں نے کہا کہ انگلینڈ سمیت دیگر ممالک میں سکواش لیگ کھیلی اور اس سلسلے میں میرا وسیع تجربہ ہے جس کو بروئے کار لانا چاہتا ہوں جس سے کھلاڑیوں کو آگے آنے کے مواقع ملیں گے انہوں نے کہا کہ سپانسرز کوآگے آنا ہوگا بینکوں کیساتھ دیگر مالیاتی اداروں سے بھی رابطے کریں گے اور امید ہے کہ صوبائی حکومت بھی اس سلسلے میں بھرپور ساتھ دے گی ۔

وقت اشاعت : 16/10/2021 - 21:41:25

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :