ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ، نیدرلینڈ کا آئرلینڈ کو جیت کیلئے 107 رنز کا ہدف

کرٹس کیمفر کی ہیٹرک سمیت 4 گیندوں پر 4 وکٹیں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 18 اکتوبر 2021 16:41

ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ، نیدرلینڈ کا آئرلینڈ کو جیت کیلئے 107 رنز کا ہدف
دبئی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 18 اکتوبر 2021ء ) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے کوالیفائنگ راؤنڈ کے تیسرے میچ میں نیدرلینڈز نے آئرلینڈ کو جیت کے لیے 107 رنز کا ہدف دیا ہے۔ ابو ظہبی کے شیخ زید سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں نیدر لینڈ نے ٹاس جیت کر آئرلینڈ کے خلاف پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو زیادہ سودمند ثابت نہ ہوا۔

نیدرلینڈز کی ٹیم نے پہلے بلےبازی کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں محض 106 رنز سکور کرسکی، نیدرلینڈز کی جانب سے میکس او ڈاؤڈ نے 51 رنز کی اننگز کھیلی تاہم انکے علاؤہ کوئی بلےباز آئرش بولرز کا سامنا کرنے میں ناکام رہا۔ نیدرلینڈز کے 4 مڈل آرڈر بلےباز گولڈن ڈک کا شکار ہوئے، آئرلینڈ کی جانب سے کرٹس کیمفر نے میچ کے 10 ویں اوور میں ناصرف ٹورنامنٹ کی پہلی ہیٹ ٹرک کی بلکہ 4 گیندوں پر 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

(جاری ہے)

کرٹس کیمفر نے 10 ویں اوور کی دوسری گیند پر پہلے ایکرمین کو آؤٹ کیا پھر اگلی دو گیندوں پر ٹین ڈسکاٹے اور سکاٹ ایڈورڈز کو آؤٹ کرکے اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کی۔ انہوں نے اگلی ہی گیند پر رولف وین ڈرمر وے کو کلین بولڈ کیا۔ ٹی20 ورلڈکپ کی تاریخ اس سے قبل واحد ہیٹرک 2007ء میں بریٹ لی کے نام تھی جو انہوں نے بنگلادیش کیخلاف بنائی تھی۔ آج کھیلے جانے والے دوسرے میچ میں سری لنکا اور نمیبیا شام 7 بجے مدمقابل ہوں گی۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز کھیلے گئے میچز میں عمان نے پاپوا نیوگنی کو اور سکاٹ لینڈ نے بنگلہ دیش کو شکست دی تھی۔ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں 16 ٹیمیں شریک ہیں اور عالمی کپ دو مرحلوں میں کھیلا جارہا ہے، پہلے مرحلے کا آغاز ہو گیا ہے جس میں 8 ٹیمیں مدمقابل ہیں۔
وقت اشاعت : 18/10/2021 - 16:41:06

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :