ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ، آئرلینڈ نے نیدرلینڈ کو 7 وکٹوں سے ہرادیا

پال سٹرلنگ اور ڈیلینے کی دھواں دھار بلے بازی، کیمفر کی 4 گیندوں پر 4 وکٹیں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 18 اکتوبر 2021 18:02

ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ، آئرلینڈ نے نیدرلینڈ کو 7 وکٹوں سے ہرادیا
دبئی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 18 اکتوبر 2021ء ) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے کوالیفائنگ راؤنڈ کے تیسرے میچ میں آئرلینڈ نے نیدرلینڈز کو 7 وکٹوں سے شکست دیدی۔ ابو ظہبی کے شیخ زید سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں نیدر لینڈ نے ٹاس جیت کر آئرلینڈ کے خلاف پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو زیادہ سودمند ثابت نہ ہوا۔ نیدرلینڈز کی ٹیم نے پہلے بلےبازی کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں محض 106 رنز سکور کرسکی، نیدرلینڈز کی جانب سے میکس او ڈاؤڈ نے 51 رنز کی اننگز کھیلی تاہم انکے علاؤہ کوئی بلےباز آئرش بولرز کا سامنا کرنے میں ناکام رہا۔

نیدرلینڈز کے 4 مڈل آرڈر بلےباز گولڈن ڈک کا شکار ہوئے، آئرلینڈ کی جانب سے کرٹس کیمفر نے میچ کے 10 ویں اوور میں ناصرف ٹورنامنٹ کی پہلی ہیٹ ٹرک کی بلکہ 4 گیندوں پر 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

(جاری ہے)

کرٹس کیمفر نے 10 ویں اوور کی دوسری گیند پر پہلے ایکرمین کو آؤٹ کیا پھر اگلی دو گیندوں پر ٹین ڈسکاٹے اور سکاٹ ایڈورڈز کو آؤٹ کرکے اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کی۔

انہوں نے اگلی ہی گیند پر رولف وین ڈرمر وے کو کلین بولڈ کیا۔ ٹی20 ورلڈکپ کی تاریخ اس سے قبل واحد ہیٹرک 2007ء میں بریٹ لی کے نام تھی جو انہوں نے بنگلادیش کیخلاف بنائی تھی۔ نیدرلینڈز کی جانب سے دیا جانے والا 107 رنز کا ہدف آئرش ٹیم نے 15 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، گیرتھ ڈیلینی نے 44 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ اوپنر پال سٹرلنگ 30 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے، کرٹس کیمفر 7 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

آج کھیلے جانے والے دوسرے میچ میں سری لنکا اور نمیبیا شام 7 بجے مدمقابل ہوں گی۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز کھیلے گئے میچز میں عمان نے پاپوا نیوگنی کو اور سکاٹ لینڈ نے بنگلہ دیش کو شکست دی تھی۔ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں 16 ٹیمیں شریک ہیں اور عالمی کپ دو مرحلوں میں کھیلا جارہا ہے، پہلے مرحلے کا آغاز ہو گیا ہے جس میں 8 ٹیمیں مدمقابل ہیں۔
وقت اشاعت : 18/10/2021 - 18:02:06

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :