پریمئر سپر لیگ،اے ایم ٹی، سول ایوی ایشن اتھارٹی، جعفر برادرز اور زلٹیک نے رائونڈ میچز جیت لیے

یونی فوم کواے ایم ٹی کے ہاتھوں64 رنز کے بڑے مارجن سے شکست ہوئی ،زلٹیک نے شاپستان کی ٹیم کو 5 وکٹوں سے پچھاڑ دیا سول ایوی ایشن اتھارٹی کی ٹیم نے جاز کو 9 وکٹوں ،جعفر برادرز کی ٹیم نے روز پیٹل کی ٹیم کو 10 وکٹوں سے ہرا دیا،مقابلے جاری

بدھ 20 اکتوبر 2021 14:47

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اکتوبر2021ء) پریمئر سپر لیگ کے سلسلہ میںاتفاق کرکٹ گرائونڈ اور ویلنشیا کرکٹ گرائونڈ میں کھیلے گئے میچز میںسول ایوی ایشن اتھارٹی ،اے ایم ٹی، جعفر برادرز اور زلٹیک نے رائونڈ میچز جیت لیے۔ویلنشیا کرکٹ گرائونڈ میں کھیلے گئے پہلے میچ میں اے ایم ٹی نے یونی فوم کی ٹیم کو 64 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دی۔

اے ایم ٹی نے پہلے کھیلتے ہوئے 8 وکٹوں کے نقصان پر 195 رنز بنائے۔ محسن رشید نے 60 اور وقاص الدین نے 49 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ محمد ارشاد، محمد وحید اور عباس علی نے دو، دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں یونی فوم کی ٹیم 131 رنز پر ڈھیر ہوگئی، امتیاز انتظار 34 اور محمد وحید 31 رنز بناکر نمایاں رہے۔ قیصر نواز نے تین جبکہ محسن رشید اور وقاص الدین نے دو ،دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

(جاری ہے)

محسن رشید کو آل رائونڈر کارکردگی پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔ دوسرے میچ میں زلٹیک نے شاپستان کی ٹیم کو 5 وکٹوں سے پچھاڑ دیا۔ شاپستان کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے شاہ مشتاق کے 68رنزکی بدولت 138 رنز بنائے۔علی منان اور قاسم ملک نے تین ،تین وکٹیں کیں۔ زلٹیک کی ٹیم نے مطلوبہ ہدف 5 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا ۔ عاصم ملک نے 38 گیندوں پر 61 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

شاہ زیب مشتاق، خلیل الرحمن اور عاطف خالد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ عاصم ملک کو عمدہ بلے بازی پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔ اتفاق کرکٹ گرائونڈ میں کھیلے گئے پہلے میچ میں پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کی ٹیم نے جاز کو 9 وکٹوں سے شکست دی۔ جاز کی ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 92 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ فیضان علی 26 رنز بناکر نمایاں رہے۔عبدالمنان نے تین کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔

سول ایوی ایشن کی ٹیم نے احسن باجوہ کی44 رنز ناٹ آئوٹ اننگز کی بدولت مطلوبہ ہدف ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔احسن باجوہ کو میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔ دوسرے میچ میں جعفر برادرز کی ٹیم نے روز پیٹل کی ٹیم کو 10 وکٹوں سے ہرا دیا۔ روز پیٹل کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے 7 وکٹوں کے نقصان پر 148 رنز بنائے۔ عثمان غنی 40 رنز بناکر ٹاپ سکورر رہے۔حسنین ریاض اور ریحان ذوالفقار نے دو ،دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ جعفر برادرز کی ٹیم نے مطلوبہ ہدف بغیر کسی نقصان کے حاصل کرلیا۔ مبشر اقبال نے 58 گیندوں پر 88 اور عبدالتواب نے 41 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ مبشر اقبال کوشاندار بیٹنگ کرنے پر میچ کے بہترین کھلاڑی کاایوارڈ دیا گیا۔
وقت اشاعت : 20/10/2021 - 14:47:44

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :