ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ: نمیبیا نے نیدرلینڈز کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی

ڈیوڈ ویزے کی 66 رنز کی شاندار اننگز، میکس او ڈائوڈ کے 70 رنز رائیگاں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 20 اکتوبر 2021 18:20

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ: نمیبیا نے نیدرلینڈز کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی
ابوظہبی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 20 اکتوبر 2021ء ) ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کے کوالیفائنگ راؤنڈ میں نممبیا نے نیدرلینڈز کو 6 وکٹوں سے اپ سیٹ شکست دیدی۔ ابوظہبی میں جاری آئی سی سی 20 ٹونٹی ورلڈ کپ کے ابتدائی مرحلے کے 7 ویں میچ میں نمیبیا نے نیدرلینڈز کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تاہم ان کا فیصلہ درست ثابت نہ ہوا۔ نیدرلینڈز کے اوپنرز نے میچ کا عمدہ آغاز کیا اور ٹیم نے 20 اوورز میں 4 وکٹ کے نقصان پر 164 رنز بنالیے۔

میکس او ڈاؤڈ نے 70 رنز بنائے اور کولن آکرمین 35 رنز بناکر نمایاں رہے۔نمیبیا نے 165 رنز کا ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر 19ویں اوور میں حاصل کرلیا۔ نمیبیا کے ڈیوڈ ویزے نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے ناقابل شکست 66 رنز بنائے اور اپنی ٹیم کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پہلی کامیابی دلوائی ۔

(جاری ہے)

ان کے علاوہ کپتان اراسمس نے 32 اور اسٹیفن بارڈ نے 19 رنز بنائے ۔ واضح رہے کہ نیدر لینڈز 2 میچز میں شکست کے بعد ورلڈکپ کوالیفائرز سے باہر ہوگیا۔

ورلڈکپ کے پہلے مرحلے میں نیدرلینڈز اور نمیبیا دونوں اپنے پہلے میچز ہار چکی ہیں۔ سری لنکا نے نمیبیا کو 7 وکٹ سے شکست دی تھی جبکہ آئرلینڈ نے نیدرلینڈز کو 7 وکٹ سے ہی شکست دی۔ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں 16 ٹیمیں شریک ہیں اور عالمی کپ دو مرحلوں میں کھیلا جارہا ہے، پہلے مرحلے کا آغاز ہو گیا ہے جس میں 8 ٹیمیں مدمقابل ہیں۔ گروپ اے میں سری لنکا، آئرلینڈ، نیدرلینڈز اور نمیبیا شامل ہیں جبکہ گروپ بی میں بنگلادیش، سکاٹ لینڈ، پاپوانیوگنی اور میزبان عمان شامل ہے، دونوں گروپ سے ٹاپ ٹو ٹیمیں سپر 12 کے لئے کوالیفائی کریں گی۔

سپر 12 کے گروپ 1 اور گروپ 2 میں پہلے سے 8 ٹیمیں موجود ہیں جس میں گروپ 1 میں انگلینڈ، آسٹریلیا، جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں شامل ہیں جبکہ گروپ 2 میں پاکستان کے ساتھ بھارت، نیوزی لینڈ اور افغانستان شامل ہیں۔ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے سپر 12 کے مقابلے 23 اکتوبر سے شروع ہوں گے جس میں پہلا میچ آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلا جائے گا جبکہ دوسرے میچ میں ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔
وقت اشاعت : 20/10/2021 - 18:20:38

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :