رمیز راجہ کو بڑے فیصلوں میں جلدی نہیں کرنی چاہیئے تھی :وسیم اکرم

کسی بھی ادارے کا کوئی نیا سربراہ آئے تو ابتدائی طور پر 2 یا 3 ماہ تک صورتحال کا جائزہ لیتا ہے : سابق کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 21 اکتوبر 2021 12:11

رمیز راجہ کو بڑے فیصلوں میں جلدی نہیں کرنی چاہیئے تھی :وسیم اکرم
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 21 اکتوبر 2021ء ) سابق کپتان وسیم اکرم نے کہا ہے کہ چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ کو بڑے فیصلوں میں عجلت کا مظاہرہ نہیں کرنا چاہیے تھا۔ 55 سالہ وسیم اکرم کا کہنا ہے کہ کسی بھی ادارے کا کوئی نیا سربراہ آئے تو ابتدائی طور پر 2 یا 3 ماہ تک صورتحال کا جائزہ لیتا ہے، اس کے بعد تبدیلیوں کا عمل شروع ہوتا ہے لیکن رمیز راجہ نے خلاف معمول جلد ہی بڑے فیصلے کردیئے۔

انھوں نے کہا کہ یہ بات ماضی کی ہوچکی مگر کوچز مصباح الحق اور وقار یونس نے سخت محنت کی تھی۔ یاد رہے کہ رمیز راجہ کے چیئرمین کا عہدہ سنبھالتے ہی دونوں سابق کپتانوں نے استعفٰی دے دیا تھا، چیف ایگزیکٹیو وسیم خان بھی رخصت ہوگئے،البتہ چیف سلیکٹر محمد وسیم ابھی تک اپنے عہدے پر برقرار ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے سوشل اور روایتی میڈیا کو ان کی جانبدارانہ رائے پر تنقید کا نشانہ بنایا۔

وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ جہاں تک میڈیا کا تعلق ہے ، مجھے یہ کہتے ہوئے افسوس ہے کہ کچھ لوگ ذاتیات پر اتر آتے ہیں، بعض اوقات ان کے کھلاڑی کے خلاف ہونے کی وجہ یہ ہوتی ہے کہ شاید اس نے ان کو انٹرویو دینے سے انکار کر دیا ہو ۔ وسیم اکرم نے کہا کہ ہر کسی کو خوش کرنا ممکن نہیں ہے لہذا سوشل میڈیا کو سننے کا کوئی فائدہ نہیں ہے، صرف اپنا کام کریں ، صحیح اور منصفانہ کام کریں اور کسی اور چیز کی فکر نہ کریں۔
وقت اشاعت : 21/10/2021 - 12:11:11

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :