پاک بھارت مقابلے کی تیاریاں مکمل ہیں :میتھیو ہیڈن

ماضی کے اعداد و شمار کچھ بھی ہوں لیکن اصل چیز میچ کے دن بہترین کارکردگی دکھانا ہوگی : بیٹنگ کنسلٹنٹ

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 21 اکتوبر 2021 14:18

پاک بھارت مقابلے کی تیاریاں مکمل ہیں :میتھیو ہیڈن
دبئی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 21 اکتوبر 2021ء ) قومی ٹیم کے بیٹنگ کنسلٹنٹ میتھیو ہیڈن نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے میچز دباؤ سے بھرپور ہوتے ہیں لیکن ہماری تیاریاں مکمل ہیں۔ یو اے ای سے ورچوئل پریس کانفرنس کے دوران 49 سالہ میتھیو ہیڈن نے کہا کہ سوچا نہیں تھا کہ کسی وقت پاکستانی ٹیم کے ڈریسنگ روم کا حصہ بنوں گا، کوچنگ کا موقع ملنا بڑے اعزاز کی بات ہے، اپنے تجربے سے گرین شرٹس کو فائدہ پہنچانے کی کوشش کروں گا۔

میتھیو ہیڈن نے کہا کہ ہم ورلڈ کپ جیتنا چاہتے ہیں اور خاص طور پر پہلے میچ سے فتح کا آغاز کے لیے پرعزم ہیں، ہمیں بھارت کے خلاف کسی غیر ضروری دباؤ کا شکار ہوئے بغیر اپنا بہترین کھیل پیش کرنا ہوگا، ٹیم میں بابراعظم، رضوان ،حفیظ اور فخرزمان سمیت میچ ونرز موجود ہیں، ہم پریشر میں پرفارم کرسکتے ہیں اور کھلاڑیوں کا مورال بلند ہے۔

(جاری ہے)

میتھو ہیڈن نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے میچز دباؤ سے بھرپور ہوتے ہیں، ہماری تیاری مکمل ہے، ماضی کے اعداد و شمار کچھ بھی ہوں لیکن اصل چیز میچ کے دن بہترین کارکردگی دکھانا ہوگی۔

قومی ٹیم کے بیٹنگ کنسلٹنٹ کا کہنا تھا کہ یو اے ای کی کنڈیشنز میں 200 سے زائد رنز کا ہدف حاصل کرنا آسان نہیں ہوگا، لگتا ہے یہاں 180 سے 190 تک کے ٹوٹل دیکھنے میں آئیں گے، پاکستانی بائولنگ یونٹ میں ہر طرح کا ٹیلنٹ ہے لیکن ہمیں بنائے گئے پلانز پر عمل درآمد کرنا ہوگا، جنوبی افریقا کیخلاف وارم میچ میں شاہین شاہ آفریدی نے بہترین بائولنگ کی، 19 واں اوور کرانا آسان نہیں ہوتا، حسن علی میں بھی کچھ کر دکھانے کی صلاحیت موجود ہے۔
وقت اشاعت : 21/10/2021 - 14:18:25

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :