ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ ،مصباح الحق سلیکشن کمیٹی کو ’یوٹرن‘ کے طعنے دینے لگے

پہلے آپ نے ٹیم میں تبدیلیاں کیں اور پھر چند روز بعد یوٹرن لے کر نکالے ہوئے کرکٹرز کو واپس لے آئے: سابق ہیڈ کوچ

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 21 اکتوبر 2021 16:02

ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ ،مصباح الحق سلیکشن کمیٹی کو ’یوٹرن‘ کے طعنے دینے لگے
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 21 اکتوبر 2021ء ) مصباح الحق نے بالآخر چپ کا روزہ توڑ دیا، انھوں نے ہیڈ کوچ کی ذمہ داری سے مستعفی ہونے کے معاملے پر زبان کھول دی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ میں ’تبدیلی‘ کی ہوا چلتی دیکھ کر مصباح الحق اور وقار یونس نے بالترتیب ہیڈ کوچ اور بولنگ کوچ کے عہدوں سے استعفیٰ دے دیا تھا، مصباح نے اپنے مستعفی ہونے کی واضح وجہ نہیں بتائی مگر اب اس حوالے سے خاموشی توڑ دی ہے۔

ایک نجی ٹی وی پر اظہار خیال کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ پاکستان میں صرف نتیجے پر ہی توجہ دینا بڑا مسئلہ ہے، ہم اس سے آگے جاتے ہی نہیں اور نہ ہی کھلاڑیوں اور ان کی سکلز کو بہتر بنانے پر توجہ دی جاتی ہے، جیسے ہی کسی ایک میچ یا سیریز میں شکست ہو تو خود کو بچانے کیلئے قربانی کے بکرے ڈھونڈنے شروع کردیئے جاتے ہیں، اگر ہم نے اسی طرح کاسمیٹک سرجری کا سلسلہ جاری رکھا تو کسی بھی قسم کی کوئی تبدیلی نہیں آئے گی، آپ کوچز اور پلیئرز کو تبدیل کرسکتے ہیں مگر اصل مسائل بدستور موجود رہیں گے۔

(جاری ہے)

مصباح الحق نے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کیلئے پی سی بی کی سلیکشن کمیٹی کی جانب سے تبدیلیوں کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا، جس نے سینئر آل راؤنڈر شعیب ملک اور وکٹ کیپر بیٹسمین سرفراز احمد کو سکواڈ میں شامل کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ پہلے آپ نے ٹیم کیلئے تبدیلیاں کیں اور پھر چند روز بعد یوٹرن لے کر نکالے ہوئے کرکٹرز کو واپس لے آئے۔ یاد رہے کہ مصباح الحق کو پہلے چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ دونوں کی ذمہ داری دی گئی تھی مگر بعد میں گزشتہ سال نومبر میں ان سے ٹیم سلیکشن کا اختیار واپس لے لیا گیا تھا۔
وقت اشاعت : 21/10/2021 - 16:02:19

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :