ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ، بنگلہ دیش نے پاپوانیوگنی کو 84 رنز سے شکست دیدی

محموداللہ ریاض کی نصف سنچری، شکیب الحسن کے 46 رنز اور 4 وکٹیں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 21 اکتوبر 2021 18:28

ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ، بنگلہ دیش نے پاپوانیوگنی کو 84 رنز سے شکست دیدی
مسقط (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 21 اکتوبر 2021ء ) ٹی ٹونٹی ورلڈکپ 2021ء کے کوالیفائنگ راؤنڈ میں 9ویں میچ میں بنگلادیش نے پاپوا نیوگنی کو 84 رنز سے شکست دے کر اگلے رائونڈ کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے ۔ بنگلہ دیش کے کپتان محمود اللٌٰہ نے ٹاس جیت کر پاپوانیوگنی کے خلاف پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا ۔بنگلہ ٹیم بیٹنگ کیلئے میدان میں اتری تو اوپننگ بیٹر محمد نعیم صفر پر آوٹ ہوگئے۔

میگا ایونٹ میں پہلے کھیلتے ہوئے بنگلہ دیشی ٹیم نے مقررہ 20اوورز میں 7وکٹوں کے نقصان پر 181رنزبنائے،کپتان محمود اللہ نے سب سے زیادہ 50رنز کی اننگز کھیلی جبکہ شکیب الحسن 46اور لٹن داس 29سکور بناکر نمایاں بیٹر رہے۔ 182رنزکا ہدف پاپوا نیوگنی کی ٹیم حاصل کرنے میں ناکام رہی ۔ فاتح ٹیم کی جانب سے شکیب الحسن نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے4مخالف کھلاڑیوں کا شکار کیا جبکہ سیف الدین نے 2وکٹیں اپنے نام کیں۔

(جاری ہے)

ایونٹ کے کوالیفائنگ راؤنڈ میں بنگلہ دیش اور پاپوانیوگنی نے 2،2 میچز کھیل لیے ہیں، بنگلہ دیش کو ایک میچ میں فتح جب کہ ایک میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ پاپوانیوگنی کو دونوں میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں 16 ٹیمیں شریک ہیں اور عالمی کپ دو مرحلوں میں کھیلا جارہا ہے، پہلے مرحلے کا آغاز ہو گیا ہے جس میں 8 ٹیمیں مدمقابل ہیں۔

گروپ اے میں سری لنکا، آئرلینڈ، نیدرلینڈز اور نمیبیا شامل ہیں جبکہ گروپ بی میں بنگلادیش، سکاٹ لینڈ، پاپوانیوگنی اور میزبان عمان شامل ہے، دونوں گروپ سے ٹاپ ٹو ٹیمیں سپر 12 کے لئے کوالیفائی کریں گی۔ سپر 12 کے گروپ 1 اور گروپ 2 میں پہلے سے 8 ٹیمیں موجود ہیں جس میں گروپ 1 میں انگلینڈ، آسٹریلیا، جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں شامل ہیں جب کہ گروپ 2 میں پاکستان کے ساتھ بھارت، نیوزی لینڈ اور افغانستان شامل ہیں۔ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے سپر 12 کے مقابلے 23 اکتوبر سے شروع ہوں گے جس میں پہلا میچ آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلا جائے گا جب کہ دوسرے میچ میں ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔
وقت اشاعت : 21/10/2021 - 18:28:28

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :