پاکستانی بائولرز تاحال ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں ویرات کوہلی کی وکٹ لینے میں ناکام

بھارتی کپتان نے 3 ٹی ٹونٹی ورلڈ کپس میں پاکستان کیخلاف کھیلا اور تینوں مرتبہ ناٹ آئوٹ رہے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 22 اکتوبر 2021 14:51

پاکستانی بائولرز تاحال ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں ویرات کوہلی کی وکٹ لینے میں ناکام
دبئی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 22 اکتوبر 2021ء ) ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کا 7واں ایڈیشن متحدہ عرب امارات اور عمان میں جاری ہے جہاں ایونٹ کا سب سے بڑا میچ 24 اکتوبر کو پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلا جائے گا۔ پاکستان کی بھارت کے خلاف ورلڈکپ میں کارکردگی کبھی اچھی نہیں رہی اور قومی ٹیم ایک بار بھی روایتی حریف کے خلاف کامیابی حاصل نہیں کرسکی ہے۔

اس کے علاوہ دلچسپ بات یہ بھی ہے کہ پاکستانی بائولرز اب تک ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے کسی بھی میچ میں بھارتی کپتان ویرات کوہلی کو آؤٹ کرنے میں ناکام رہے ہیں ۔ ویرات کوہلی نے اب تک 3 ٹی ٹونٹی ورلڈکپ مقابلوں میں پاکستانی بولرز کا سامنا کیا اور وہ ہر بار اپنی ٹیم کو کامیابی دلواتے ہوئے ناٹ آؤٹ رہے۔ ویرات کوہلی نے 2012ء کے ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں پہلی بار پاکستانی بولرزکا سامنا کیا جہاں 30 ستمبر کو پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 128 رنز بنائے اور جواب میں بھارت نے مقررہ ہدف 2 وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا۔

(جاری ہے)

کوہلی آٹھ چوکوں اور دو چھکوں اور 127.86 کے سٹرائیک ریٹ کی مدد سے شاندار 78 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔ انہوں نے میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ بھی حاصل کیا۔ 2014ء کے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 130 رنز بنائے اور بھارت نے یہ مقابلہ بھی باآسانی 7 وکٹوں سے جیت لیا ، کوہلی نے 112.50 کے سٹرائیک ریٹ پر چار چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ناقابل شکست 36 رنز بنائے۔

2016ء کے ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں پاکستان نے بھارت کو 119 رنزکا ہدف دیا جو اس نے 4 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا ، کوہلی 148.64 کے سٹرائیک ریٹ اور7 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے55 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے ۔
اب دیکھنا یہ ہے کہ 24 اکتوبر کے ٹاکرے میں ویرات کوہلی کے پاکستان کے خلاف ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں ناٹ آؤٹ رہنے کی روایت برقرار رہتی ہے یا پھر پاکستانی بولرز اس بار تاریخ کو بدل دیں گے ۔
وقت اشاعت : 22/10/2021 - 14:51:33

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :