بابراعظم کی تکنیک ویرات کوہلی سے بہتر ہے، انضمام الحق

بابر کا بہترین کھیل اب بھی سامنے آنا باقی ہے، بیٹسمینوں کی زندگی 30 سال کی عمر کے بعد شروع ہوتی ہے، سابق کپتان

ہفتہ 23 اکتوبر 2021 23:20

بابراعظم کی تکنیک ویرات کوہلی سے بہتر ہے، انضمام الحق
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اکتوبر2021ء) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق نے بابر اعظم کی تکنیک کو ویرات کوہلی سے بہتر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بابر کا بہترین کھیل اب بھی سامنے آنا باقی ہے، بیٹسمینوں کی زندگی 30 سال کی عمر کے بعد شروع ہوتی ہے۔ ایک انٹرویومیں انضمام الحق نے پاکستان اور بھارتی ٹیم کے کپتانوں کا موازنہ کرتے ہوئے کہا کہ بابر اعظم اور ویرات کوہلی دونوں ہی عظیم پلیئرز ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر تکنیک کا موازنہ کروں تو بابراعظم کی تکنیک، ویرات کوہلی سے بہتر لگتی ہے، جس طرح بابر بیٹنگ کر رہا ہے، مجھے لگتا ہے وہ سارے ریکارڈ توڑ دے گا۔سابق کپتان نے کہا کہ ویرات نے بھی اپنے ملک کیلئے بہت پرفارمنس دی ہیں، لیکن اس میں جارح مزاجی بہت زیادہ ہے۔

(جاری ہے)

اٴْن کا کہنا تھا کہ بابر نے جتنی کرکٹ کھیلی ہے، اس کے حساب سے کوہلی سے ریکارڈ بہتر ہے، پاکستانی کپتان کو ابھی اپنے کیریئر کی اونچائی کو چھونا ہے۔

انضمام الحق نے کہا کہ بابر کا بہترین کھیل اب بھی سامنے آنا باقی ہے، بیٹسمینوں کی زندگی 30 سال کی عمر کے بعد شروع ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاک بھارت میچ میں کوہلی پر زیادہ پریشر ہوگا، بابر پر بھی دبائو ہوگا، بھارتی کپتان پر اضافی پریشر اس لئے ہے کہ یہ بطور کپتان آخری ٹورنامنٹ ہے۔سابق کپتان نے کہا کہ بابر اعظم کی رنز کیلئے بھوک اس کو دوسروں سے بہتر بناتی ہے، میں نے کسی اور بیٹسمین میں رنز کی اتنی بھوک نہیں دیکھی۔
وقت اشاعت : 23/10/2021 - 23:20:41

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :