انگلینڈ نے ورلڈ کپ 2021 کے سپر 12 راؤنڈ کے میچ میں باآسانی 6 وکٹوں سے کامیابی حاصل کر لی

ویسٹ انڈیز کی ٹیم 55 رنز پر ڈھیر ہوگئی ،39 رنز پر چار وکٹیں گرنے کے باوجود انگلینڈ کو ہدف تک رسائی میں کوئی مشکل پیش نہ آئی اور ٹیم نے نویں اوور کی دوسری گیند پر ہدف حاصل کر کے چھ وکٹوں سے کامیابی حاصل کر لی،معین علی کو عمدہ باؤلنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا

ہفتہ 23 اکتوبر 2021 23:22

ابو ظہبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اکتوبر2021ء) انگلینڈ نے ورلڈ کپ 2021 کے سپر 12 راؤنڈ کے میچ میں باآسانی 6 وکٹوں سے کامیابی حاصل کر لی،ویسٹ انڈیز کی ٹیم 55 رنز پر ڈھیر ہوگئی ،39 رنز پر چار وکٹیں گرنے کے باوجود انگلینڈ کو ہدف تک رسائی میں کوئی مشکل پیش نہ آئی اور ٹیم نے نویں اوور کی دوسری گیند پر ہدف حاصل کر کے چھ وکٹوں سے کامیابی حاصل کر لی،معین علی کو عمدہ باؤلنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

ابوظبی میں کھیلے جا رہے میچ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا۔میچ کے دوسرے ہی اوور میں کرس ووکس نے ایون لوئس کو چلتا کردیا جبکہ اگلے ہی اوور میں معین علی نے لینڈل سمنز کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔کرس گیل اور شیمرون ہٹمائر نے نے 18 رنز جوڑ کر اسکور کو 27 تک پہنچایا ہی تھا کہ معین نے ہٹمائر کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

(جاری ہے)

ابھی ویسٹ انڈین ٹیم اس نقصان سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ ٹائمل ملز نے کرس گیل کی 13 رنز کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔ڈیوین براوو نے چوکا لگا کر کرس جورڈن کا استقبال کیا تاہم پھر اگلی ہی گیند پر وکٹ گنوا بیٹھے جبکہ نکولس پوران بھی صرف ایک بنا سکے۔جارح مزاج آل راؤنڈر آندرے رسل بھی مشکل وقت میں ٹیم کے کام نہ آ سکے اور عادل رشید کی وکٹ بن گئے ، چھکا مارنے کی کوشش میں پولارڈ بھی چلتے بنے اوبید میک کوئے کا بھی کام تمام ہو گیا۔

انگلینڈ کو ویسٹ انڈیز کی آخری وکٹ لینے میں زیادہ دیر نہ لگی اور پوری ٹیم 55 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔انگلینڈ کی جانب سے عادل راشد نے تباہ کن باؤلنگ کرتے ہوئے 2 رنز کے عوض 4 وکٹیں لیں جبکہ معین علی اور ٹائمل ملز نے دو، دو وکٹیں اپنے نام کیں۔ہدف کے تعاقب میں اوپنرز نے انگلینڈ کو 21 رنز کا آغاز فراہم کیا جس کے بعد جیسن روئے 11 رنز بنانے کے بعد چلتے بنے۔

اسکور 30 تک پہنچا ہی تھا کہ جونی بیئراسٹو 9 رنز بنانے کے بعد عقیل حسین کو انہی گیند پر کیچ دے بیٹھے۔معین علی صرف تین رنز بنا کر رن آؤٹ ہو گئے جبکہ لیام لیونگسٹن بھی عقیل کی دوسری وکٹ بن گئے۔39 رنز پر چار وکٹیں گرنے کے باوجود انگلینڈ کو ہدف تک رسائی میں کوئی مشکل پیش نہ آئی اور ٹیم نے نویں اوور کی دوسری گیند پر ہدف حاصل کر کے چھ وکٹوں سے کامیابی حاصل کر لی۔معین علی کو عمدہ باؤلنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جنہوں نے 17 رنز کے عوض دو ویسٹ انڈین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
وقت اشاعت : 23/10/2021 - 23:22:30

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :