روہت بال نظر آئی تھی کیا، سوشل میڈیا شائق کا بھارتی اوپنر سے سوال

روہت شرما اننگز کے پہلے اوور میں شاہین آفریدی کے یارکر پر ایل بی ڈبلیو آئوٹ ہوئے تھے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 25 اکتوبر 2021 11:49

روہت بال نظر آئی تھی کیا، سوشل میڈیا شائق کا بھارتی اوپنر سے سوال
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 25 اکتوبر 2021ء ) پاکستان کیخلاف ٹاکرے میں شاہین آفریدی کے یارکر کا شکار بننے والے بھارتی اوپنر روہت شرما کا سوشل میڈیا پر مذاق اڑایا جانے لگا۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونیوالی ایک ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سٹیڈیم میں موجود ایک شائق بائونڈری لائن پر فیلڈنگ کرنیوالے روہت شرما کو مخاطب کرتے ہوئے کہہ رہا ہے کہ ’روہت گیند نظر آئی تھی کیا، نہیں نا‘‘۔

یاد رہے کہ دبئی میں کھیلے گئے آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کے سب سے بڑے معرکے میں پاکستانی بولرز نے نپی تلی بولنگ کرتے ہوئے بھارتی بلے بازوں کو کھل کر بیٹنگ کرنے کا موقع نہیں دیا جس کے باعث بھارتی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹ کے نقصان پر 151 رنز بنائے۔ ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم کی جانب سے کپتان بابراعظم اور محمد رضوان نے پراعتماد انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے بغیر کوئی وکٹ کھوئے 152 رنز کا ہدف حاصل کرلیا اور اس دوران بھارت کیخلاف اوپننگ کی ریکارڈ شراکت بھی قائم کی۔

(جاری ہے)

بابراعظم نے 40 گیندوں پر نصف سنچری سکور کی جبکہ محمد رضوان نے 41 گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ محمد رضوان 79 اور بابراعظم 68 رنز پر ناقابل شکست رہے۔ اس سے قبل میچ کا ٹاس قومی ٹیم کےکپتان بابراعظم نے جیت کر بھارت کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ بھارت کی جانب سے کے ایل راہول اور روہت شرما نے اننگز کا آغاز کیا تاہم شاہین آفریدی نے پہلے اوور میں روہت شرما کو کھاتہ کھولے بغیر پویلین واپس بھیجا اور اپنے دوسرے اوور میں راہول کو بھی صرف 3 رنز پر بولڈ کردیا۔

ویرات کوہلی نے سوریا کمار یادو کے ساتھ ملکر سکور بورڈ کو آگے بڑھانا شروع کیا تاہم محمد رضوان نے حسن علی کی گیند پر 11 رنز بنانے والے یادوو کا شاندار کیچ پکڑ کر ان کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔ ویرات کوہلی نے رشبھ پانٹ کے ساتھ ملکر 38 گیندوں پر 50 رنز کی اہم شراکت قائم کی ، پانٹ 30 گیندوں پر 39 رنز بنانے کے بعد شاداب خان کا شکار بن گئے، رویندرا جڈیجا 13 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ ہارڈک پانڈیا صرف 11 رنز بناسکے۔ کپتان ویرات کوہلی نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے 45 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی تاہم شاہین نے انہیں 57 رنز پر پویلین واپس بھیج دیا۔ پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی نے 3، حسن علی نے 2، حارث رؤف اور شاداب خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔
وقت اشاعت : 25/10/2021 - 11:49:55

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :