بھارت کو ہرانے کے بعد ایم ایس دھونی اور بابراعظم کی بات چیت کی تفصیلات سامنے آگئیں

کپتانی سے متعلق مشورہ دیں :بابراعظم، آپ بہت اچھے کپتان، کھلاڑی ہیں ، آپکو میرے مشوروں کی ضرورت نہیں: سابق بھارتی کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 26 اکتوبر 2021 15:53

بھارت کو ہرانے کے بعد ایم ایس دھونی اور بابراعظم کی بات چیت کی تفصیلات سامنے آگئیں
دبئی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 26 اکتوبر 2021ء ) ٹی 20ورلڈ کپ میں پاکستان نے بھارت کو عبرتناک شکست دی ، میچ جیتنے کے بعد قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم اور بھارت کے سابق کپتان مہندرا سنگھ دھونی کی تصاویر وائرل ہوئیں جس میں دونوں کو گفتگو کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے ۔ اب اس گفتگو کی تفصیلات سامنے آگئی ہیں ۔ نجی ٹی وی کے مطابق بھارت کو میچ ہرانے کے بعد ایم ایس دھونی نے پاکستانی کھلاڑیوں کے ساتھ گپ شپ کی ، ایم ایس دھونی نے بابر اعظم کی قیادت اور بیٹنگ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے بہت اچھا کھیلا ، میچ میں دبائو بنائے رکھا۔

پاک بھارت میچ ہمیشہ ہی پریشر میں ہوتا ہے ۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے جواب میں کہا کہ پاکستان اور بھارت کا میچ ہمیشہ ہی مزے کا ہوتا ہے ، ماضی میں بھی دونوں ممالک کے مابین جتنے بھی میچز ہوئے سب پریشر گیم تھے ۔

(جاری ہے)

بابراعظم نے مہندرا سنگھ دھونی سے کپتانی سے متعلق مشورے مانگے جس پر بھارتی ٹیم کے مینٹور کا کہنا تھا کہ آپ بہت اچھے کپتان اور کھلاڑی ہیں ، آپ کو میرے مشوروں کی ضرورت نہیں ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان نے 24اکتوبر کو ٹی 20ورلڈ کپ میں بھارت کو عبرتناک شکست دی تھی ، کپتان بابر اعظم اور وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے بغیر کوئی وکٹ دیے 152رنز کا ہدف 17.5اوورز میں حاصل کرلیا تھا۔ میچ کے بعد مہندرا سنگھ دھونی کے ساتھ پاکستانی کھلاڑیوں کی خوشگوار موڈ میں گفتگو کی تصاویر اور ویڈیو وائرل ہوئی تھیں جنہیں سپرٹ آف کرکٹ ، کرکٹ کا حسن کی کیپشن دی گئی تھی ۔
وقت اشاعت : 26/10/2021 - 15:53:56

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :