پاکستان کے ہاتھوں نیوزی لینڈ کی شکست پر فنکار خوشی سے نہال

فنکاروں نے پاکستان کی ٹیم کا جشن مناتے ہوئے پیغامات شیئر کیے اور قومی ٹیم کی جیت پر خداکا شکر ادا کیا

بدھ 27 اکتوبر 2021 12:38

پاکستان کے ہاتھوں نیوزی لینڈ کی شکست پر فنکار خوشی سے نہال
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اکتوبر2021ء) پاکستان کے ہاتھوں نیوزی لینڈ کی شکست پر فنکاروں نے بھی خوشی کا اظہار کیا ہے۔گزشتہ روز ٹی 20 میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو شکست سے دوچار کرکے پوری قوم کو ایک بار پھر خوشخبری سنائی۔ پاکستان کی جیت کا جشن جہاں پوری قوم نے منایا وہیں فنکار بھی اس جیت پر خوشی سے نہال ہوگئے اور ٹیم کو کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے سوشل میڈیا پر پیغامات جاری کیے۔

نیوزی لینڈ کی شکست کی خوشی پاکستان کو اسلیے بھی زیادہ ہے کیونکہ یہی وہ ٹیم تھی جو کچھ عرصہ قبل سیکیورٹی خدشات کا بہانہ بناکر پاکستان سے بغیر کھیلے واپس چلی گئی تھی۔ لہذا تمام لوگ نیوزی لینڈ کی شکست کو ’’بدلہ‘‘ قرار دے رہے ہیں۔گلوکار عاصم اظہر کرکٹ کے بہت بڑے فین ہیں اور پاکستان کے ہر میچ میں کھل کر اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے نیوزی لینڈ کی ٹیم پر طنز کرتے ہوئے پوچھا تو چائے اور سیکیورٹی کیسی ہی اداکار بلال قریشی نے پاکستان کی ٹیم کا جشن مناتے ہوئے ویڈیو شیئر کی اور قومی ٹیم کی جیت پر خداکا شکر ادا کیا۔ اداکار عدنان صدیقی اور اعجاز اسلم اس وقت لندن میں ہیں لیکن کرکٹ سے بھرپور لطف اندوز ہورہے ہیں۔ انہوں نے پاکستان کی جیت پر لندن سے ویڈیو پیغام کے ذریعے اپنی خوشی کا بھرپور اظہار کیا۔اداکار افضل خان المعروف جان ریمبو نے بھی ویڈیو جاری کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کی ٹیم پر طنز کرتے ہوئے کہا ’’اب پتہ چلا کیوں بھاگ کے گئی تھی نیوزی لینڈ کی ٹیم‘‘۔ ویڈیو پیغام کے آخر میں انہوں نے پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگایا۔گلوکار و اداکار علی ظفر نے بھی پاکستان کی جیت پر خوشی کا اظہار کیا ۔
وقت اشاعت : 27/10/2021 - 12:38:17

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :