ٹی ٹوٹنی ورلڈ کپ، انگلینڈ نے بنگلہ دیش کو 8 وکٹوں سے ہرا دیا

جیسن روئے کی نصف سنچری ،بنگلہ دیش کا کوئی بھی بلے باز متاثر کن اننگز نہ کھیل سکا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 27 اکتوبر 2021 18:05

ٹی ٹوٹنی ورلڈ کپ، انگلینڈ نے بنگلہ دیش کو 8 وکٹوں سے ہرا دیا
ابوظہبی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 27 اکتوبر 2021ء ) ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے گروپ ون کے میچ میں انگلینڈ نے بنگلہ دیش کو 8 وکٹوں سے شکست دیدی۔ ابوظبی کے کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں بنگلہ دیش کے دونوں اوپنرز 14 کے مجموعے پر پویلین لوٹ گئے، لٹن داس اور محمد نعیم دونوں کو معین علی نے آؤٹ کیا۔ تیسرے نمبر پر آنیوالے شکیب الحسن بھی 26 کے مجموعے پر 4 رنز بنا کر کرس ووکس کا شکار بنے۔

مشفق الرحیم نے سب سےزیادہ 29 رنز بنائے اور 11 ویں اوور کی چوتھی گیند پر آؤٹ ہوئے تو بنگلہ دیش کا سکور 63 رنز تھا۔ عفیف حسین 5 رنز بنا کر وکٹوں کے درمیان رن لینے کی کوشش میں آؤٹ ہوگئے۔ کپتان محموداللہ بھی صرف 19 بنا کر 83 کے مجموعی سکور پر پویلین لوٹ گئے۔ مہدی حسن 11 رنز بنا سکے اور 98 کے سکور پر ملز کی وکٹ بن گئے، ان کے بعد آنیوالے بلے باز نسم احمد اور نورالحسن نے سکور 124 رنز تک پہنچایا۔

(جاری ہے)

نورالحسن 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جس کے فوری بعد مستفیض الرحمٰن صفر پر آؤٹ ہوگئے۔ بنگلہ دیش نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں پر 124 رنز بنائے۔ انگلینڈ کی جانب سے ملز نے سب سے زیادہ 3 وکٹیں حاصل کیں، معین علی اور لیونگسٹن نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔ ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کے اوپنر جوز بٹلر 18 رنز بنا کر نسم احمد کی وکٹ بن گئے تاہم دونوں اوپنرز نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 39 رنز بنالیے تھے۔

قبل ازیں بنگلہ دیشی کپتان محمود اللہ نے ٹاس جیت کر کہا کہ وکٹ، بیٹنگ کے لیے سازگار لگ رہی ہے اور زیادہ سے زیادہ ہدف دینے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے اور شریف الاسلام کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔ انگلینڈ کے کپتان این مورگن نے کہا کہ آئی پی ایل میں اس وکٹ پر بہت کھیلا ہے اور یہ اس وقت کی طرح آج بھی اچھی لگ رہی ہے۔

میچ کے لیے انگلینڈ کی ٹیم این مورگن (کپتان)، جیسن روئے، جوز بٹلر، ڈیوڈ ملان، جونی بیئرسٹو، لیام لیونگسٹن، معین علی، کرس ووکس، کرس جورڈن، عادل رشید اور ٹائمل ملز پر مشتمل ہے جب کہ بنگلہ دیشی ٹیم میں محموداللہ (کپتان)، لٹن داس، محمد نعیم، شکیب الحسن، مشفیق الرحیم، عفیف حسین، نورالحسن، مہدی حسن، شریف الاسلام، نسم احمد اور مستفیض الرحمٰن شامل ہیں ۔
وقت اشاعت : 27/10/2021 - 18:05:26

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :