یوتھ ہاکی کلب اورنج، کے ایچ اے انٹرکلب ہاکی چیمپین شپ کے کواٹر فائنل میں پہنچ گئی

بدھ 27 اکتوبر 2021 23:15

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اکتوبر2021ء) یوتھ ہاکی کلب اورنج، کے ایچ اے انٹر کلب ہاکی چیمپین شپ کے کواٹر فائنل میں پہنچ گئی، آخری لیگ میچ میں وائی ایچ سی اورنج نے سینٹرل فٹنس ایچ سی کو عبدالوہاب اور حارث نصیر کی ہیٹرک کی مدد سے کھاتہ کھولنے کا موقع دیئے بغیر ایک درجن گول سے شکست دیدی،فاتح ٹیم کے عبدالوہاب نے ہیٹرک کے اعزاز کے ساتھ پانچ گول اسکور کئے، انہوں نے کھیل کی11, 15, 18, 22 اور 26 ویں منٹ میں گول کئے، دوسری ہیٹرک 13, 19 اور 37 ویں منٹ میں گول کرکے حارث نصیر نے اپنے نام کیا، دیگر فارورڈ میں شاہ زیب ارب نے دو جبکہ حسن علی اور محسن نواز نے ایک ایک گول کئے، کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام کے ایچ اے اسپورٹس کمپلیکس گلشن اقبال میں جاری انٹر کلب ہاکی چیمپین شپ کے گیارہویں روز کھیلے جانے والے 35 ویں میچ میں سی ہاک کلب نے دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد کورنگی ٹائگرز کو 0-1 سے شکست دیدی، پہلے ہاف کے اختتام پر مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر تھا، دوسرے ہاف کے 21ویں منٹ میں سی ہاک کے فارورڈ محمد جاوید نے ملنے والے موقع سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے گیند کو جال میں پھینک کر اپنی ٹیم کو فیصلہ کن برتری دلادی، ایونٹ کے 36 ویں منٹ میچ میں یونائیٹڈ ہاکی کلب نے بلدیہ کلب کو 2-3 سے زیر کیا، پہلے ہاف کے 13 ویں منٹ میں یونائیٹڈ کلب کے محمد اویس نے گول کرکے اپنی ٹیم کو ایک گول کی برتری دلادی تاہم صرف چھ منٹ بعد بلدیہ کلب کے بلاول نیازی نے مقابلہ 1-1 سے برابر کردیا، دوسرے ہاف کے 33 ویں منٹ میں مارج ابوبکر اور توقیر علی نے 36 ویں منٹ میں گول کرکے اپنی ٹیم کی برتری 1-3 کردی، 24 ویں منٹ میں بلدیہ کلب کے بلال نے گول کرکے خسارہ 2-3 کردیا۔

وقت اشاعت : 27/10/2021 - 23:15:44

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :