ڈیوڈ وارنر بھی رونالڈو کے نقش قدم پر چل نکلے، پریس کانفرنس میں کوکا کولا کی بوتلیں ہٹا دیں

اگر یہ کرسٹیانو رونالڈو کے لیے اچھا ہے تو میرے لیے بھی اچھا ہے: کینگرو اوپنر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 29 اکتوبر 2021 15:15

ڈیوڈ وارنر بھی رونالڈو کے نقش قدم پر چل نکلے، پریس کانفرنس میں کوکا کولا کی بوتلیں ہٹا دیں
دبئی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 29 اکتوبر 2021ء ) آسٹریلوی کرکٹر ڈیوڈ وارنر نے پرتگالی فٹ بال سٹار کرسٹیانو رونالڈو کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ٹی20 ورلڈ کپ میں سری لنکا کے خلاف جیت کے بعد نیوز کانفرنس میں کوکا کولا کی بوتلیں اپنے آگے سے ہٹا دیں۔ یاد رہے کہ جون میں ہنگری کے خلاف پرتگال کے یورو 2020ء کے افتتاحی میچ سے پہلے نیوز کانفرنس میں کرسٹیانو رونالڈو نے میز پر پڑی کوکا کولا کی بوتلیں ہٹا دی تھیں۔

انہوں نے دونوں بوتلوں کو پکڑ کر سائیڈ پر کرتے ہوئے کہا تھا ’پانی پیو‘۔
اس واقعے کے باعث کوکا کولا کے حصص میں 1.6 فیصد کی کمی واقع ہوئی جس سے کمپنی کو 5.2 ارب ڈالر کا نقصان ہوا تھا۔ کوکا کولا نے بعد ازاں اپنے ایک بیان میں کہا کہ ’ہر کوئی اپنی ترجیحات کے مطابق مشروبات استعمال کرنے کا حقدار ہے اور ہر ایک کا ذائقہ اور ضروریات مختلف ہیں‘۔

(جاری ہے)

جمعرات کو ڈیوڈ وارنر نے سری لنکا کے خلاف آسٹریلیا کی 7 وکٹوں کی جیت کے بعد یہی عمل دہراتے ہوئے کہا کہ ’اگر یہ کرسٹیانو رونالڈو کے لیے کافی اچھا ہے تو یہ میرے لیے کافی ہے‘۔ تاہم وارنر کو جلد ہی کوکا کولا کی بوتلیں اس کی اصل حالت میں واپس لانے کو کہا گیا جس پر انہوں نے عمل کیا ۔
ڈیوڈ وارنر نے جمعرات کو دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں سری لنکا کے خلاف 42 گیندوں پر 65 رنز کی شاندار نصف سنچری سکور کرتے ہوئے اپنے ناقدین کو خاموش کر دیا۔ یہ آسٹریلیا کی ٹی20 ورلڈ کپ میں مسلسل دوسری جیت تھی۔ انہوں نے جیت کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’آج رات، مجھے واضح طور پر نئے سرے سے آغاز کرنا تھا‘۔
وقت اشاعت : 29/10/2021 - 15:15:20

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :